نئی دہلی: قومی راجدھانی میں روزانہ کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے اور خطرناک ہوتی آلودگی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعرات کو اس بار بھی دیوالی پر پٹاخے نہ چھوڑنے کی پر زور اپیل کی ہے۔
مسٹر کیجریوال نے دہلی میں کورونا اور فضائی آلودگی کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آج کہا کہ پوری دہلی کے دو کروڑ افراد مشترکہ طور پر دیوالی منائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا،’ گذشتہ برس جس طرح ہم نے دیوالی پر پٹاخے نہ چھوڑنے کا عزم کیا تھا اور دیوالی کے دل کناٹ پلیس پر یکجا ہو کر دیوالی کی خوشیاں بانٹی تھیں۔ ٹھیک اسی طرح رواں برس بھی ہم ساتھ مل کر دیوالی منائیں گے اور پٹاخے نہیں جلائیں گے‘۔
آلودگی سے متفکر مسٹر وزیر اعلیٰ نے کہا،’ ہم دیکھ رہے ہیں کہ چاروں طرف آسمان میں دھواں چھایا ہوا ہے۔ اس وجہ سے کورونا کی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ گذشتہ برس بھی ہم نے دیوالی پر پٹاخے نہ چھوڑنے کا حلف اٹھایا تھا۔ دیوالی پر ہم سبھی نے کناٹ پلیس پر پوری دہلی کے عوام نے مل کر دیوالی منائی تھی۔ ہم نے وہاں لائٹ شو رکھا تھا۔ آپ سبھی کناٹ پلیس آئے تھے۔ اس بار بھی ہم سبھی مشترکہ طورپر دیوالی منائیں گے۔ پٹاخے نہیں چھوڑیں گے۔ کسی بھی حال میں پٹاخے نہیں جلانا۔ اگر پٹاخے چھوڑیں گے تو اپنے ہی بچوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلیں گے۔ اپنے ہی گھر کی زندگی کے ساتھ کھیلیں گے، اپنے ہی خاندان کی زندگی کے ساتھ کھیلیں گے۔ پٹاخے نہیں چھوڑیں گے اور دیوالی مشترکہ طور پر منائیں گے‘۔

