لکھنؤ: کاکوری ریل سانحہ کے 98ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو ’میری ماٹی۔میرا دیش‘مہم کا آغازکیا۔
اس دوران انہوں نے عظیم انقلابیوں،امر شہیدوں، سرحد پر تعینات فوجیوں اور داخلی سلامتی کو بہتر بنانے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاآزادی کے امرت مہوتسو نے ہمیں ایک نئے ہندوستان کا خواب دکھایا ہے۔ ہمیں ایسا ہندوستان بنانا ہے جس میں کسی بھی شہری کے ساتھ ذات پات، نسل اور مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہ ہو۔ انہوں نے لوگوں سے شہداء کے مقامات پر سیلفیاں لینے اور اپ لوڈ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترنگا ہمارے فخر ونخوت کی علامت ہے۔ اس کے لیے ہر شہری کو اپنے گھر پر ترنگا لہرانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ‘ماتا بھومی پوتروہن پرتھیویا’ ہندوستان اور سناتن دھرم کا پیغام ہے۔ یعنی یہ زمین ہماری ماں ہے اور ہم اس کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے تمام لوگوں سے 13 سے 15 اگست تک اپنی جگہ پر کھڑے ہو کر مٹی کی پوجااور ہیروز کو سلام کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست 1947 تقسیم ہند کا سانحہ تھا۔ ہم دوبارہ ہندوستان کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ ہر شہری کو ایک بھارت مستحکم بھارت کا ریزولوشن لینا ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب کو اپنا شہری فرض ادا کرنا چاہیے۔ اساتذہ تدریس، طلبہ درس، سماجی کارکن معاشرے کی بہتری کا کام کریں اور انتظامی کاموں میں مصروف لوگ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔ جو لوگ اپنے شہری فرائض ادا نہیں کر رہے وہ قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
مسٹر یوگی نے کہا اگرچہ ہم آزادی کا تہوار نہیں دیکھ سکے، لیکن ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج جب ہندوستان اپنی آزادی کا 75واں سال منا رہا ہے، ہم اس تہوار میں شریک ہیں، ہم اس سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن چکے ہیں جس نے ہم پر دو سو سال حکومت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا کے 20 بڑے ممالک جنہیں G-20 کے نام سے جانا جاتا ہے، جن میں دنیا کی 65 فیصد آبادی رہتی ہے اور جن کا دنیا کی جی ڈی پی کے 80 فیصد پر اختیار ہے۔ ہندوستان آج اس G-20 گروپ کی صدارت کر رہا ہے۔ ایک ایسا ہندوستان جو خوشحال ہو اور خود انحصاری کی طرف بڑھ رہا ہو۔ آج کا ہندوستان دنیا میں انسانیت کی فلاح و بہبود کی راہ ہموار کر رہا ہے۔

