یوپی میں سپا کو ملا کانگریس کا ہاتھ

0

لکھنؤ: آئندہ لوک سبھا انتخابات میں سیٹ شیئرنگ کے حوالے سے لمبے عرصے تک جاری چہ میگوئیوں کے درمیان اترپردیش میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور کانگریس نے بدھ کو مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ اتحاد کے تحت سپا 63اور کانگریس 17سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔
راجدھانی لکھنو کے ایک ہوٹل میں دونوں پارٹیوں کی جوائنٹ پریس کانفرنس میں بدھ کو یہ اعلان کیا گیا جس میں کانگریس کے ریاستی صدر اجئے رائے، ریاستی انچارج اویناش پانڈے، ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل اور ترجمان راجندر چودھری موجود تھے۔
پٹیل نے بتایا کہ اترپردیش میں لوک سبھا کی 80سیٹیں ہیں اور اتحاد کے تحت کانگریس پریاگ راج، دیوریا، امیٹھی، کانپور شہر، وارانسی، متھرا، سہارنپور، سیتا پور، غازی آباد، فتح پور سیکری، بانس گاؤں، مہاراج گنج، رائے بریلی،جھانسی، بلندشہر، امروہہ اور بارہ بنکی لوک سبھا نششتوں سے الیکشن لڑے گی۔ جبکہ دیگر 63سیٹوں پر سپا اپنے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اتحاد کے تحت کانگریس مدھیہ پردیش کی کھجراہو لوک سبھا سیٹ سپا کو دے گی جبکہ دیگر میں سپا کے لوگ کانگریس امیدواروں کی حمایت کریں گے۔
ایس پی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ یوپی سے ہی بی جے پی مرکز کی حکومت 2014 میں وجود میں آئی تھی اور یوپی کے ذریعہ ہی سال 2024 میں مرکزی حکومت سے بے دخل ہوگی۔ ملک کی حالت بہت خراب ہے۔ کسان سڑکوں پر ہیں۔ نوجوان ، بے روزگار ہیں ، سماج کے سبھی طبقات گذشتہ دس سالوں سے بی جے پی کی غلط پالیسیوں اور ناانصافی کا شکار ہیں۔
کانگریس کے یوپی انچارج اویناش پانڈے نے کہا کہ بھارت کو بچانے کے لئے انڈیا اتحاد پوری مضبوطی سے الیکشن میں اترے گا۔ ووٹروں کا فریضہ ہے کہ وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ کریں۔کانگریس ریاستی صدر اجئے رائے نےکہا کہ بھارت آئین خطرے میں ہے۔ اسے بچانا ہے اور جمہوریت کی صحت مند روایات کو طاقت دینا عوام کے مفاد میں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here