لکھنؤ:اتر پردیش میں سنیچر کو کووڈ 19 کے مریضوں کی شناخت کے لئے سب سے زائد 20،782 نمونوں کے ٹیسٹ کئے گئے ، جو اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری ہیلتھ امیت موہن پرساد نے اتوار کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاست میں ٹیسٹنگ کا کام تیزی سے ہو رہا ہے۔ کل ایک ہی دن میں سب سے زائد 20،782 نمونوں کی جانچ کی گئی جو اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک مجموعی 6،84،296 نمونوں کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں ۔
مسٹر پرساد نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کے 6،679 ایکٹو کیسز ہیں۔ اب تک 14،808 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ صحت یابی کی شرح اب 66.86 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پول ٹیسٹ کے تحت مجموعی طور پر 1899 پول کی جانچ کی گئی ، جس میں 5–5 نمونوں کے اور 1723 پول 10–10 نمونوں کی جانچ کی گئی ۔ مسٹر پرساد نے کہا کہ آشا ورکرز کے ذریعہ اب تک 19،01،712 مزدوروں سے ان کے گھر پر جا کر رابطہ کیا گیا ہے جس میں سے 1664 افراد میں کورونا جیسی علامات پائی گئیں۔ ان لوگوں کے نمونے حاصل کر کے جانچ کی جارہی ہے ، جس میں سے 1253 افراد کی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں ، ان میں سے 231 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔

