‘یادو لینڈ’ میں آر پارکی لڑائی کے موڈ میں’انڈیا اتحاد’

0

اٹاوہ: انڈیا اتحاد کی اہم جماعت سماجوادی پارٹی(ایس پی)اپنے اہم عوامی حمایت والے مرکز اترپردیش کے یادو لینڈ میں پسماندہ، دلت، اقلیت(پی ڈی اے) فارمولے کے ساتھ آر پار کی لڑائی کے موڈ میں دکھائی دے رہی ہے۔
بی جے پی ہندتوا اور ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ ریاست کی سبھی 80لوک سبھا سیٹوں پر جیت کی جدوجہد کررہی ہے لیکن ایس پی کے رسوخ والے اٹاوہ’مین پوری، ایٹہ، فیروزآباد، فرخ آباد اور قنوج وغیرہ پارلیمانی سیٹوں پر اسے سخت ٹکر ملنے کا امکان ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یادو لینڈ سماج وادی پارٹی کا اہم ستون ہے جس پر بی جے پی نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد ہی سیندھ ماری شروع کر دی تھی۔ ایس پی صدر اکھلیش یادو کا دعویٰ ہے کہ وہ پی ڈی اے فارمولے کے تحت این ڈی اے اتحاد کے امیدواروں کو شکست دیں گے۔
یادو لینڈ کی ان سیٹوں پر بی جے پی بھگوا لہرانے کا خواب دیکھ رہی ہے، وہیں دوسری طرف ایس پی پی ڈی اے فارمولے کے تحت یادو لینڈ کی ان سیٹوں پر سماج وادی کا جھنڈا لہرانا چاہتی ہے۔
ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال یادو کا دعویٰ ہے کہ یوپی کی تمام 80 لوک سبھا سیٹوں پر صرف انڈیا الائنس کے امیدوار ہی جیتیں گے، لیکن ان کا دعویٰ زیادہ انتخابی لگتا ہے۔ ایسا ہی دعویٰ سابق مرکزی وزیر مملکت اور اٹاوہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پروفیسر رماشنکر کٹھیریا نے یہ بھی کہا ہے کہ تمام 80 سیٹوں پر صرف بھگوا پرچم ہی لہرائے گا۔
اٹاوہ پارلیمانی مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی سال 2014 میں اشوک دوہرے کے ایم پی بننے کے بعد بی جے ی کے کھاتے میں برقرار بنی ہوئی ہے۔2014 کے پارلیمانی انتخابات میں اشوک دوہرےنے یہ سیٹ جیتی تھی، جب کہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں پروفیسر رام شنکر کٹھیریا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سال 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے لئے بی جے پی نے ایک بار پھر سے پروفیسر کٹھیریا کو اٹاوہ پارلیمانی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتار ہے۔ جبکہ ایس پی نے ابھی تک اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔سال 2009 میں سماج وادی پارٹی سے پریم داس کٹھیریا اٹاوہ پارلیمانی سیٹ سے منتخب ہوئے تھے۔
اٹاوہ کی طرح مین پوری پارلیمانی سیٹ بھی سماج وادی پارٹی کے لیے اہم بنیادی ستون مانی جاتی ہے، لیکن مودی لہر کا اس سیٹ پر کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے، حالانکہ یادو لینڈ کی دیگر سیٹوں پر بھگوا لہرا رہا ہو لیکن ایس پی کے اس قلعہ کومودی راج میں بھی نہیں ہلایا جاسکا ہے۔سماج وادی فاونڈر ملائم سنگھ یادو کے انتقال کے بعد ہوئے مین پوری میں ضمنی الیکشن میں بہو ڈمپل یادو کو انتخابی میدان میں ملائم’نیتا جی’ کے وارثت کے طور پر اتارا گیا تھا۔ بی جے پی نے نیتا جی کے شاگر کہے جانے والے اٹآوہ کے سابق ایم پی رگھوراج سنگھ شاکیہ کو ڈمپل یادو کے مقابلے انتخابی میدان میں اتارا تھا۔
بی جے پی نے بلند و بانگ دعوے کیے تھے کہ نیتا جی کے بعد اب مین پوری پارلیمانی سیٹ پر ہر حال میں بھگوا لہرائے گا، لیکن جب انتخابی نتائج سامنے آئے تو تقریباً 2 لاکھ 88 ہزار ووٹوں سے ڈمپل یادو کی جیت ہوئی، ساتھ ہی بی جے پی کا یہ سیٹ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ .
بی جے پی آج تک مین پوری پارلیمانی سیٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، حالانکہ پارٹی اپنی رائے عامہ میں مسلسل اضافہ کرتی نظر آرہی ہے۔ فی الحال بی جے پی نے مین پوری سیٹ کے انتخاب کے لیے ابھی تک کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے، جس کا سب کو انتظار ہے۔
یادو لینڈ کی فیروز آباد پارلیمانی سیٹ بھی کافی اہم سمجھی جاتی ہے۔ 2014 کے مودی لہر میں ہوئے انتخابات میں ایس پی کے پروفیسر رام گوپال یادو کے بیٹے اکشے یادو نے فیروز آباد پارلیمانی سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی، لیکن 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں ایس پی کے اکشے یادو کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے چندرسین یادو کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
اکشے یادو کی شکست کے پیچھے کہا گیا ہے کہ شیو پال سنگھ یادو کے کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کرنے کی وجہ سے اکشے کو شکست ہوئی لیکن شیو پال کی ضمانت بھی ضبط ہوگئی تھی۔ملائم سنگھ یادو کے انتقال کے بعد شیو پال سنگھ یادو نے اپنے بھتیجے اکشے یادو کو فیروز آباد پارلیمانی سیٹ سے کسی بھی قیمت پر جیتانے کا عزم کیا ہے۔ تقریباً 6 ماہ سے شیو پال سنگھ یادو اپنے بھتیجے اکشے یادو کو فیروز آباد پارلیمانی سیٹ سے جیتانے کے لیے بڑے پیمانے پر سرگرم ہیں۔
بھتیجے کو جتوانے کے لئے شیوپال درجنوں ریلیاں کرچکیے ہیں اور یہ بھی کہنے میں انہوں نے کوئی گریز نہیں کیا کہ ان کی وجہ سے ہی اکشے یادو کی شکست ہوئی تھی اور اس دفعہ بھتیجے کو ہر حال میں پارلیمنٹ میں پہنچانے کی بات بھی ان کی جانب سے لگاتار کہی جارہی ہے۔فی الحال بی جے پی نے فیروز آباد پارلیمانی سیٹ کے لیے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔
یادو لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایٹہ پارلیمانی سیٹ بھی بہت اہم سمجھی جارہی ہے۔ لودھی اکثریت والی اس سیٹ پر لودھیوں کے علاوہ یادو اور شاکیہ ووٹر بھی بہت اہم مانے جارہے ہیں۔ بی جے پی نے ایک بار پھر اس سیٹ سے بھگوا سیوک کلیان سنگھ کے بیٹے راجویر سنگھ راجو کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔سال 2014 کے بعد 2019 اور اب 2024 میں ایک بار پھر سے رجویر راجو پر ہی بھروسہ جتایا گیاہے۔ایس پی نے اس سیٹ سے سابق وزیر ونے شاکیہ کے بھائی دیویش شاکیہ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔انڈیا اتحاد اپنے پی ڈی اے کے ایجنڈے کو کامیاب بنانے کے لیے ایسے امیدواروں کو میدان میں اتارنے میں مصروف ہے جو این ڈی اے اتحاد کے امیدواروں کو شکست دے سکیں۔ اس سلسلے میں پسماندہ سماج سے تعلق رکھنے والے دیویش شاکیہ کو سماج وادی پارٹی نے ایٹہ سے میدان میں اتارا ہے۔
فرخ آباد پارلیمانی سیٹ بھی دیگر سیٹوں کے مقابلے یادو لینڈ کی اہم سیٹوں میں سے ایک مانی جاتی ہے۔ اس سیٹ پر جہاں بی جے پی نے ایک بار پھر مکیش راجپوت کو ٹکٹ دیا ہے وہیں ایس پی نے ڈاکٹر نول کشور شاکیہ کو ٹکٹ دیا ہے۔ نول کشور شاکیہ کے بہانے ایس پی پی ڈی اے کے فارمولے کا استعمال کرتے ہوئے اس سیٹ پر کامیابی حاصل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
بی جے پی کے مکیش راجپوت نے پہلی بار 2014 میں اس سیٹ سے الیکشن لڑا تھا، جس کے بعد وہ مسلسل کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ 2019 میں بھی وہ دوسری بار جیت چکے ہیں اور اب ان کا خواب 2024 میں تیسری بار جیتنا ہے۔
ایس پی 2004 میں چندر بھوشن سنگھ کے ذریعے یہ سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی، اس کے بعد سے ایس پی اس سیٹ پر مسلسل پچھڑتی چلی جارہی ہے۔ سماجوادی لیڈر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی نمائندگی والی اس سیٹ کا سیاسی درجہ حرارت بہت اہم مانا جاتا ہے۔
فرخ آباد سیٹ کی طرح قنوج سیٹ بھی سوشلسٹ لیڈر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی جائے پیدائش رہی ہے۔ فی الحال اس سیٹ سے بی جے پی کے سبرت پاٹھک ایم پی ہیں اور دوسری بار انہیں ایک بار پھر میدان میں اتارا گیا ہے۔ ایس پی نے ابھی تک اس سیٹ کے لیے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔
سال 2019 کے الیکشن میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو سبرت پاٹھک سے ہاگ گئی تھیں۔ ایسے امکانات ہیں کہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اس سیٹ سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔سال 2000 میں نیتا جی نے جب اس سیٹ کو چھوڑا تھا تب ان کے بیٹے اکھلیش یادوانتخابی میدان میں اترے اس کے بعد سال 2019 تک اس سیٹ پر سماج وادیوں کا قبضہ رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here