چنئی: تمل ناڈو نے اتوار کو ایک آرڈیننس جاری کرکے ریاست میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے سبب مرنے والوں کی احترام کے ساتھ آخری رسوم ادا کرنے کی مخالفت کرنے والوں کو ایک سے تین برس تک کی جیل کی سزا اور ان پر جرمانہ لگانے کا التزام کیا ہے۔
یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں ایک آرڈیننس جاری کیا ہے۔ اس آرڈیننس کے مطابق کورونا سے مرنے والوں کی احترام کے ساتھ تدفین/ آخری رسوم کی مخالفت کرنے والوں اور اس طرح کی کوشش کرنے والے لوگوں کو تمل ناڈو پبلک ہیلتھ قانون 1939 کے تحت قصوروار پایا جائے گا اور انہیں ایک سے تین برس کی قید کی سزا دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ریاستی حکومت کی جانب یہ سخت قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ گزشتہ ہفتے کوروناانفیکشن سے مرنے والے دو ڈاکٹروں کی آخری رسوم / تدفین کئے جانے کی مقامی لوگوں نے کوروناوائرس کی پھیلاؤ کے خدشہ کی وجہ سے مخالفت کی تھی۔پہلے واقعہ میں واناگرم کے پرائیویٹ اسپتال میں کوروناسے مرنے والے نیلور کے ایک ڈاکٹر کی شہر کے باہر واقع انباتّور کریمیٹوریم میں آخری رسوم ادا کرنے کی مقامی لوگوں نےمخالفت کی تھی۔ لوگوں کی مخالفت کی وجہ سے طبی اہلکاروں اور گریٹر چنئی میونسپل حکام کو ڈاکٹر کے جسد خاکی کو واپس اسپتال کے مردہ خانے لے جانا پڑا تھا۔ بعد میں ڈاکٹر کی آخری رسوم شہر کے دیگر کریمیٹوریم میں پولیس کی سخت سیکورٹی کے درمیان ادا کی گئیں۔دوسرے معاملے میں شہر کے ایک نیوروسرجن کی گزشتہ اتوار کو کوروناسے موت ہو گئی۔ ڈاکٹر کی آخری رسوم کے لئے پہلے شہر کے كلپوك کریمیٹوریم لے جایا گیا لیکن افسران کو تقریباً 200 مقامی لوگوں کی زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔بعد میں ڈاکٹر کا جسدخاکی ویلنگڈو کریمیٹوریم لے جایا گیا جہاں تقریباً 60 سے 70 لوگ جمع ہوگئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ مظاہرین تشدد پر بھی اتر آئے اور جسد خاکی ساتھ آئے طبی اہلکاروں پر حملہ کر دیا اور ایمبولینسوں کو نقصان پہنچایا۔پولیس نے اگرچہ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اور پرتشدد ہجوم کو منتشر کردیا۔ ڈاکٹر کے خاندان کے ارکان کی موجودگی اور سخت سیکورٹی کے درمیان نیوروسرجن اور ایک پرائیویٹ اسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر سائمن ہرکیولس کی آخری رسوم ادا کردی گئیں۔پولیس نے اس سلسلے میں مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کیا اور 30 سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا۔ بعد میں گرفتار لوگوں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔اس دوران نیروسرجن کی بیوی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعلی ای کے پلانی سوامی سے ڈاکٹر سائمن کی خواہش کو پورا کرنے کے لئے کنبے کی رسوم کے مطابق ’لپو‘ سمٹیری میں دوبارہ سے دفن کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے۔

