چنئی: ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے اتوار کو چندریان -3 کو چاند کے مدار کی طرف بے مثال مہارت اور کارکردگی کے ساتھ لے جانے کا پہلا مرحلہ (فرسٹ آربٹ ریزنگ مانور) کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔
اسرو نے چندریان 3 کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر دی۔ انہوں نے کہا کہ چندریان نارمل حالت میں ہے۔ مدار کو بڑھانے کا پہلا آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ خلائی جہاز اب 41762 کلومیٹر x 173 کلومیٹر کے مدار میں ہے۔
اسرو کے سائنس دانوں نے آج چندریان 3 کو چاند کے پہلے مدارمیں لے جانے کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ اس قسم کا عمل مزید چار بار کیا جائے گا جس کے بعد یہ چاند کے مدار میں پہنچ جائے گا۔
اسرو نے کہاکہ “خلائی ایجنسی 31 جولائی تک مزید چار ارتھ باؤنڈ مانور کرے گی، اس کے بعد یکم اگست کو ٹرانس لونر انسرشن ہوگا۔‘‘
مشن چندریان 3 جمعہ کو سری ہری کوٹا کے خلائی بندرگاہ سے لانچ کیا گیا تھا۔
جمعہ کو چندریان -3 کے لانچ کے ساتھ ہی ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (آئی ایس آر و) کا تیسرا چاند مشن شروع ہوا۔ 642 ٹن اور 43.5 میٹر لمبا راکٹ ایل وی ایم 3-ایم4 چندریان 3 کو لے کر سری ہری کوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز سے روانہ ہوا تھا۔ چندریان 3 کو زمین کے مدار میں پہنچنے کے بعد لونرٹرانسفر ٹریجیکٹری میں داخل کیا گیا۔ سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ یہ 3,84,000 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرتے ہوئے اگلے 42 دنوں میں چاند پر پہنچ جائے گا۔
اسرو کے چیئرمین ایس سومناتھ نے چندریان -3 کے لانچ کے بعد کہاکہ “ایجنسی 23 اگست کو شام 5.47 بجے چاند کی سطح پر چندریان -3 خلائی جہاز کی تکنیکی طور پر چیلنجنگ سافٹ لینڈنگ کا منصوبہ بنا رہی ہے۔”
اگر چاند پر گاڑی کی سافٹ لینڈنگ یعنی گاڑی کو محفوظ طریقے سے اتارنے کا اسرو کا یہ مشن کامیاب ہوتا ہے تو ہندوستان منتخب ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ یہ کارنامہ صرف امریکہ، سابق سوویت یونین اور چین نے حاصل کیا ہے۔ چاند کی سطح پر چندریان -3 کے قدم کے ساتھ ہندوستان ایسی کامیابی حاصل کرنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔

