نئی دہلی: کوآپریٹو بینکوں کے ریگولیشن میں ریزرو بینک (آر بی آئی) کو زیادہ اختیارات فراہم کرنے سے متعلق بینکنگ ریگولیشنز (ترمیمی) بل، 2020 آج لوک سبھا میں صوتی ووٹوں سے منظور ہو گیا وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ایوان میں اس بل پر تین گھنٹے کی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا ’’کوآپریٹو بینکوں کا ریگولیشن 1965 سے ہی آر بی آئی کے پاس ہے۔ ہم کوئی نیا کام نہیں کر رہے ہیں۔ جو نیا کررہے ہیں وہ جمع کرنے والوں کے مفاد میں ہے۔ … یہ قانون پیسہ جمعہ کرنے والوں کی حفاظت کے لئے لایا گیا ہے‘‘۔
اپوزیشن کے تمام خدشات کا ایک ایک جواب دیتے ہوئے محترمہ سیتارامن نے کہا کہ یہ قانون مرکزی حکومت کو کوآپریٹو بینکوں کو منظم کرنے کا اختیار نہیں دیتا ہے۔ یہ صرف آر بی آئی کو کوآپریٹو بینکوں کی بینکنگ سرگرمیوں کو باقاعدہ کرنے کا حق دیتا ہے۔ اگرچہ انہوں نے اپنے جواب میں پنجاب اور مہاراشٹر کوآپریٹو (پی ایم سی) بینک کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور شیوسینا کے ارکان نے بحث کے دوران یہ معاملہ اٹھایا تھا۔
حزب اختلاف نے اس بل کو کوآپریٹو تنظیموں سے متعلق ریاستوں کے حقوق میں مداخلت قرار دیا تھا۔ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے الزام لگایا کہ حکومت کوآپریٹو بینکوں کی نجکاری کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کوآپریٹو بینکوں کی خود مختاری خطرے میں پڑ جائے گی۔

