نئی دہلی:مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے پیر کے روز نمونیا کی پہلی دیسی ویکسین جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بچوں کو بڑی تعداد میں مرنے سے بچایا جاسکے گا اور اسے قومی ٹیکہ کاری پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
نمونیا کی یہ ویکسین پونے میں واقع سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تیار کی ہے۔ اس موقع پر سیرم انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر سائرس پونہ والا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر آدار پونہ والا ورچوئل میڈیم کے ذریعہ موجود تھے۔ وزارت صحت کے ایڈیشنل سکریٹری منوہر اگنانی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ “میں خوش قسمت ہوں کہ بچوں کے تحفظ میں اہم ویکسین کے اجراء کا شاہد ہوں۔ اسے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر نیومکوکل کنجوگیٹ ویکسین کے نام سے تیار کیا ہے ۔سیرم انسٹی ٹیوٹ نے اس ویکسین کو سات سے آٹھ سال کی قلیل مدت میں تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمونیا سے بڑی تعداد میں بچے مرجاتے ہیں۔ ہندوستان میں 20٪ بچے نمونیا کے مضر اثرات سے متاثر ہوجاتے ہیں۔ آج سے پہلے نمونیا کے خلاف کوئی دیسی ویکسین نہیں تھی۔ ایک اندازے کے مطابق ہندوستان میں 68000 بچے نمونیا میں مبتلا ہیں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ “عالمی ادارہ صحت نے اسے پری-کوالیفائی کیا ہے اور یونیسف کے توسط سے یہ نئی ویکسین دنیا بھر کے بچوں کو دستیاب ہوگی۔ ہندوستان میں یہ نئی ویکسین بچوں کے تحفظ کے لئے قومی ٹیکہ کاری پروگرام میں شامل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ “فی الحال، سیرم انسٹی ٹیوٹ اور پورا ملک کووڈ-19 کی ویکسین کا منتظر ہے۔ میں اسے ہندوستان میں سائنس دانوں کی ایک اہم حصولیابی سمجھتا ہوں۔ ہندوستان کے سائنس دان عجیب و غریب صورتحال میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

