مودی کے دورے نے ہندوستان-امریکہ کے مشترکہ اہداف کو نئے سرے سے متعین کیا: نرملا سیتا رمن

0

نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کو ‘تاریخی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے مشترکہ اہداف کے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی نئی تعریف کی ہے۔ نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے کہاکہ “دورے کے دوران دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی اور روزگار سے متعلق کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔” وزیر خزانہ نے کہاکہ “ایف 414 طیارہ انجن کی مشترکہ پیداوار کے لیے ایچ اے ایل اور جی ای کے درمیان معاہدہ مسٹر مودی کے دورہ امریکہ کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔”
انہوں نے کہاکہ “سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم کی ترقی میں ایک اہم اور بامعنی سنگ میل کے طور پر مائکرون گجرات میں اپنا سیمی کنڈکٹر اور ٹیسٹ پلانٹ قائم کرے گا، جس کی کل سرمایہ کاری 2.75 بلین ڈالر ہے۔ اگلے چند سالوں میں تقریباً 15,000 بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے۔”
امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے وزیر اعظم کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگوں کو کانگریس سے خطاب کا موقع ملا ہے اور وزیر اعظم کو امریکہ کی دونوں جماعتوں نے مدعو کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’دوسری مرتبہ کسی وزیراعظم کو امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے لئے بلایا جانا اس ملک میں ہم سبھی کے لئے فخر کی بات ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ تقریباً 135 ممالک کے لوگ مسٹر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران یوگا کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے لان میں جمع ہوئے تھے۔ محترمہ سیتا رمن نے کہاکہ “یہ جان کر بہت اچھا لگا کہ ان کی قیادت میں یوگا کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ مسٹر مودی پوری دنیا میں مقبول ہو رہے ہیں۔ انہیں مصر کا اعلیٰ ترین اعزاز ‘آرڈر آف دی نیل’ سے نوازا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ “وزیراعظم کو اب تک 13 بین الاقوامی ایوارڈ مل چکے ہیں۔ یہ ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here