اعظم گڑھ : سابق ممبر پارلیمنٹ الیاس اعظمی کی وفات پر راشٹریہ علماء کونسل کے قومی صدر مولانا عامر رشادی مدنی لکھنؤ سے اعظم گڑھ ان کے آبائی گاؤں برولی پہنچ کر جنازہ میں شریک ہوئے۔
اپنے تعزیتی بیان میں مولانا نے کہا کہ قوم نے ایک ایماندار رہنما و ملی شخصیت کو کھو دیا ہے۔ آپ نے ہمیشہ سادہ زندگی گزاری اور قوم کو بیدار کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرانے کے لئے تگ و دو کرتے رہے ۔ آپ اپنے سیاسی و سماجی سفر کا آغاز مسلم مجلس سے کیا اور وہیں سے اپنا ایک نام پیدا کیا۔ آپ دو مرتبہ ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے اور صرف اپنے حلقہ ہی نہیں بلکہ بلا تفریق مذہب و ملت صوبہ و ملک کے مسائل کو ایوان میں اٹھایا۔ ملی مسائل اور اپنے اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
مولانا رشادی نے مزید کہا کہ مرحوم کا ہمارے گھرانے سے دیرینہ تعلق رہا ہے۔ ان کی ایک خاصیت یہ بھی تھی کہ وہ ہر اس تحریک، تنظیم کا ساتھ دیتے رہے جو ملک کی بھلائی کے لئے کھڑی ہوئی۔

