معروف عربی اسکالرپروفیسر بدرالدین الحافظ نہیں رہے

0

نئی دہلی :عربی اور اردو کے معروف اسکالر ، ادیب اور مترجم پروفیسر بدرالدین الحافظ کا گزشتہ شب انتقال ہوگیا ان کی عمر88 برس تھی پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں اہلیہ کا پہلے ہی انتقال ہوچکا تھا پروفیسر بدرالدین الحافظ کا آبائی وطن مرادآباد تھا جہاں 1935میں ان کی پیدائش ہوئی۔مدرسہ شاہی مرادآبادمیں حفظ قرآن مکمل کرنے کے بعدانھوں نے دارالعلوم دیوبند سے سند فضلیت حاصل کی ۔ بعدازاںجامعہ ملیہ اسلامیہ سے انٹر میڈیٹ اور گریجویشن کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے عربی ادب میں ایم اے کیا ۔دہلی یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔اس کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ سے منسلک رہتے ہوئے عربک اور اسلامک اسٹڈیز کے ٹیچر سے پروفیسر تک کا تدریسی سفر طے کیا۔
انھیں 1985میں صدر جمہوریہ کی طرف سے بہترین عربی استاد کا میڈل دیا گیا تھا۔ انھوں نے متعدد عربی ناولوں کا اردو ترجمہ کیا ۔اس کے علاوہ دینیات کے موضوع پر کئی کتابیں تصنیف کیں۔بعد ازاں چند برس بنارس ہندو یونیورسٹی میں پروفیسر اور شعبہ عربی کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے کر سبکدوش ہوئے۔
سبکدوشی کے بعد تصنیف وتالیف اور ترجموں کے کاموں میں مشغول ہوگئے۔ انھوں نے لاتعداد طلباءکو جدید عربی کی تعلیم دی۔ ان کی اہم تصنیفات میں ’اسلامی معلومات‘، مصر کے مشہور ناول ، افسانے اور ڈرامے‘،نجیب محفوظ اپنی نگارشات کے آئینہ میں ‘،’توفیق الحکیم :ناول نگاری ایک جائزہ‘ ،انصاری صاحب کا چائے خانہ ‘اور ’شیخ کا طرحدار کرتا‘ قابل ذکر ہیں۔
آج بعد ظہر ان کی نماز جنازہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جامع مسجد میں، جس کے وہ اولین امام بھی تھے، ادا کی گئی اور جامعہ قبرستان میں تدفین عمل میں آئی ۔اہم شرکاءمیں پروفیسر اخترالواسع، پروفیسر محسن عثمانی ندوی، پروفیسر شفیق الرحمن ندوی، سینئر صحافی معصوم مرادآبادی، پروفیسر ریحان خاں سوری،داستان گومحمود فاروقی،پروفیسر سہیل احمد فاروقی، محمد الیاس ملک ،مسعودجاوید، ارشد سراج الدین مکی اور محی الدین انصاری سمیت جامعہ کے اساتذہ کی کثیر تعداد شامل تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here