مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن سے طاہر حسین کی رکنیت ختم

0

نئی دہلی: مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن (ای ڈی ایم سی) نے شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) کے خلاف احتجاج کے دوران رواں سال کے فروری میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کے مشتبہ ملزم عام آدمی پارٹی (عاپ) کے معطل کونسلر طاہر حسین کی رکنیت ختم کردی ہے۔
کارپوریشن نے بدھ کے روز طاہر حسین کی رکنیت ختم کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ تجویز کے مطابق طاہر حسین ای ڈی ایم سی کے مسلسل تین اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے ہیں، لہذا ان کی کارپوریشن کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔ان پر شمال مشرقی دہلی کے فسادات میں انٹیلی جنس بیورو کے ایک اہلکار کو ہلاک کرنے کا الزام ہے۔ طاہر حسین اس وقت جیل میں ہیں۔
مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 26 اگست کو طاہر حسین کی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حالانکہ طاہر حسین کی ایوان کی رکنیت ختم کرنے کے پورے عمل میں دہلی کے پرتشدد فسادات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ طاہر حسین کی رکنیت ختم کرنے کے بارے میں معلومات لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل کو دے دی گئی ہے۔
دہلی پولس نے اپنی چارج شیٹ میں طاہر حسین پر آئی بی افسر انکیت شرما کو قتل کرنے، قتل کی سازش کرنے، لوگوں کو تشدد کے لئے اکسانے اور تشدد کے لئے غیر قانونی طور پر رقم اکٹھا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
کارپوریشن کے میئر نرمل جین نے کہا کہ طاہر حسین جنوری سے کارپوریشن کی میٹنگوں سے غیر حاضر تھے۔ اس مدت کے دوران، جنوری، فروری، جون، جولائی اور اگست کے مہینوں میں پانچ اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ وہ ان میں سے کسی ایک میں بھی حاضر نہیں ہوئے۔
میونسپل کارپوریشن ایکٹ کے رول 33 (2) کے مطابق کارپوریشن کے مسلسل تین اجلاسوں میں بغیر اطلاع غیر حاضر رہنا رکنیت ختم کرنے کی بنیاد قرار پاتی ہے۔ اسی قانون کے تحت ان کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔
مسٹر جین نے کہا کہ سکریٹری کارپوریشن کی جانب سے طاہر حسین کی رکنیت ختم کرنے کی تجویز 26 اگست کو اجلاس میں پیش کی گئی تھی اور عام آدمی پارٹی سمیت تمام پارٹیوں کے کونسلروں نے متفقہ طور پر اسے منظور کیا تھا۔طاہر حسین کراول نگر کے نہرو وہار سے کونسلر تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here