علی گڑھ4؍؍اپریل (زمینی سچ):علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ نے ایک مسلم تنظیم کے ایک سیکشن کے ذریعہ نظام الدین مرکز میں مذہبی اجتماع منعقد کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ، بشمول پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل و سی ایم ایس، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج )، پروفیسر علی محمد نقوی (سابق ڈین، دینیات فیکلٹی و ڈائریکٹر سر سید اکیڈمی)، پروفیسر محمد ظہیر الدین (سابق ڈین، قانون فیکلٹی)، پروفیسر عبد الرحیم قدوائی (ڈائریکٹر، یو جی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سینٹر)، ڈاکٹر محمد شاہد (ڈپٹی ڈائریکٹر، سرسید اکیڈمی)، پروفیسر محمد عاصم صدیقی (شعبہ انگریزی)، پروفیسر محمد سجاد (شعبۂ تاریخ) اور پروفیسر اسفر علی خان(ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن)، کے ذریعہ جاری ایک اپیل میں کہا گیا ہے کہ پورے ملک میں کووڈ-۱۹ کے پھیلتے ہوئے خطرات کے باوجود اس قسم کے مذہبی اجتماع کا انعقاد ایک بڑی لاپرواہی ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ ایک طبقے کے ذریعہ اس واقعے کی آڑ میں ملک کے سبھی مسلمانوں کو مورد الزام قرار دینا بھی قابل اعتراض عمل ہے۔ دلی کے نظام الدین مرکز کے معاملہ کو استثنیٰ قرار دیتے ہوئے اپیل میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سبھی مسلمان حکومت کی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی تجاویز اور مشوروں پر پوری توجہ کے ساتھ عمل کر رہے ہیں اور ملک گیر تالا بندی کو اپنا رہے ہیں۔ اپیل میں مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ نظام الدین معاملہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کرائی جائے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اے ایم یو اساتذہ نے ایک طبقہ کے ذریعہ اس بڑے سانحہ کو مذہبی رنگ دینے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔یونیورسٹی اساتذہ نے مسلمانوں کے ساتھ ہی سماج کے سبھی طبقات سے اپیل کی ہے کہ آج جبکہ پوری انسانیت خطرہ سے دوچار ہے، ایسے میں ہمیں کووڈ-۱۹ کا مل جل کر اور پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہئے اوراس جان لیوا وائرس سے تحفظ کے لیے حکومت ہند کے ذریعہ اٹھائے گئے اقدامات اور ڈاکٹروں کی صلاح پر پوری طرح عمل کرنا چاہئے۔

