پچھور (شیو پوری): مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج سینٹر سے لے کر مدھیہ پردیش تک کانگریس کی قیادت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ صرف اپنے بیٹوں کے لیے سیاست میں ہیں وہ کسی کی بھلائی نہیں کرسکتے۔
مسٹر شاہ مدھیہ پردیش کے شیو پوری ضلع کے پچھور میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے امیدوار کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا بھی موجود تھے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ کانگریس کا کام صرف اپنے بچوں کو اقتدار میں لانا ہے، چاہے وہ مرکز میں سونیا گاندھی ہوں یا مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ ہوں ۔ مسٹر کمل ناتھ کو یہاں اپنے بیٹے نکل ناتھ کو وزیر اعلیٰ بنانا ہے۔ جو لوگ اپنے بیٹوں کے لیے سیاست میں ہیں وہ کوئی اچھا کام نہیں کر سکتے، وہ صرف گھوٹالے کر سکتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ کانگریس نے بھی کورونا ویکسین پر کنفیوژن پھیلایا۔ جو لوگ کورونا جیسی وبا کے سلسلے میں سیاست کر رہے ہیں انہیں مدھیہ پردیش پر حکومت کرنے کا حق نہیں ہے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ کمل ناتھ حکومت نے سہاریہ قبیلے کی بہنوں کو دی جانے والی 1000 روپے کی گرانٹ کو روکنے کے ساتھ عوامی بہبود سے متعلق شیوراج سنگھ چوہان حکومت کی تمام اسکیموں کو روک دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ ملک دشمن طاقتوں کو خوش کرنے کے لیے ان کی حمایت کرتی ہے۔ وہ ذاکر نائیک کو امن پسند کہتے ہیں اور ہندوؤں کے لیے بھگوا دہشت گردی جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو محفوظ بنایا ہے ۔

