نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ سائبر سیکورٹی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے کہ ڈیجیٹل دنیا سب کے لئے محفوظ ہو۔
مسٹر شاہ نے یہ بات منگل کو یہاں ہندوستانی سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کے سائبر سیکورٹی فریم ورک اور کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈیجیٹل سسٹم کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے اور سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ حکومت لوگوں کو سائبر کرائمز سے آگاہ کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز ہر مہینے کے پہلے بدھ کو سائبر بیداری کے دن کے طور پر مناتا ہے اور تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں سائبر جرائم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی اسکیموں اور اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں تعاون کریں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے 99.99 فیصد پولیس اسٹیشنوں کو مجرمانہ شناخت کے نظام (سی سی ٹی این ایس) سے جوڑا گیا ہے اور وہ اب اس سسٹم کے تحت ایف آئی آر درج کر رہے ہیں۔

