نئی دہلی: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے دسویں اور بارہویں بورڈ کے بچے ہوئے پیپرز کے لئے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان آج کردیا گیا ۔
واضح رہے کہ دہلی میں فسادات کی وجہ سے شمالی علاقے میں دسویں اور بارہویں بورڈ کے کچھ پیپرزممکن نہیں ہوسکے تھے۔ اس کے بعد لاک ڈاؤن کے سبب یہ پیپرز نہیں کرائے جا سکے۔ ملک کے باقی حصوں میں بھی بارہویں کے کچھ پیپرز لاك ڈاون کی وجہ سے نہیں ہو پائے تھے۔اب دسویں اور بارہویں کے باقی پیپرز یکم سے 15 جولائی کے درمیان ہوں گے۔
انسانی وسائل وترقی کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے آج ٹویٹر پر بتایا کہ ، “طویل عرصہ سے سی بی ایس ای کے 10 ویں اور 12 ویں کے بچے ہوئے پیپرز کے امتحانات کی تاریخوں کا انتظار تھا۔ آج ان امتحانات کی تاریخ1.07.2020 سے 15.07.2020 کے درمیان یقینی کر دی گئی ہے۔ میں اس امتحان میں حصہ لینے والے تمام طلباء کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

