نئی دہلی/نینی تال: سپریم کورٹ نے ہلدوانی میں انٹر اسٹیٹ بس ٹرمینل (آئی ایس بی ٹی) کیس میں بدھ کو جاری اپنے اہم فیصلے میں جمود برقرار رکھنے کی ہدایات دی ہیں جسٹس بی آر گاوائی اور جسٹس سندیپ مہتا کی ڈبل بنچ نے ہلدوانی کے رہائشی روی شنکر جوشی کی اپیل پر یہ حکم جاری کیا ہے ڈبل بنچ نے تمام فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں روی شنکر جوشی کی جانب سے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے 23 اگست 2023 کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں چیف جسٹس وپن سانگھی کی قیادت والی بنچ نے پی آئی ایل کو مسترد کر دیا تھا اور ریاستی حکومت کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
عرضی گزار کی جانب سے کہا گیا کہ ریاستی حکومت نے سب سے پہلے ہلدوانی کے گولاپار میں آئی ایس بی ٹی کی تعمیر کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے لیے جنگل کی زمین کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔ جنگل کی زمین کا انتخاب اس بنیاد پر کیا گیا کہ منتخب کردہ زمین پرآئی ایس بی ٹی کے علاوہ کوئی تعمیر نہیں کی جا سکتی۔
اس کے بعد ریاستی حکومت نے گولاپار کے بجائے ہلدوانی کے تین پانی میں آئی ایس بی ٹی کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔ اپیل کنندہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ آئی ایس بی ٹی کی تعمیر کے لیے ریاستی حکومت نے منتخب زمین سے 2700 درخت بھی کاٹے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں درخت کاٹنے کے باوجود آئی ایس بی ٹی تعمیر نہیں کیا جا رہا ہے۔
اپیل کنندہ کی جانب سے دائر کی گئی اپیل میں یہ حقیقت بھی پیش کی گئی تھی کہ گولاپار میں آئی ایس بی ٹی کی تعمیر تین پانی کے مقابلے میں بہت کم لاگت پر کی جا رہی تھی، جب کہ تین پانی میں آئی ایس بی ٹی کی لاگت کافی بڑھ گئی ہے۔
تین پانی میں 110 کروڑ کی لاگت سے صرف سڑک کی تعمیر کی جارہی ہے۔ اپیل کنندہ کے وکیل کارتک جے شنکر نے کہا کہ سپریم کورٹ ڈویژن بنچ نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او)، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر، ترائی ایسٹ ہلدوانی کے علاوہ نینی تال کے ضلع مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فی الحال جمود برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

