سلکیارا/دہرا دون:اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں سلکیارا سرنگ میں پھنسے 41 مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سلسلے میں، اتوار کو عارضی میڈیا سنٹر، سلکیارا میں ایک پریس بریفنگ دیتے ہوئے، اتراکھنڈ حکومت کے سکریٹری ڈاکٹر نیرج خیروال نے کہا کہ پائپ میں پھنسے اوجر مشین کے بلیڈ اور شافٹ کو کاٹنے کا کام جاری ہے۔ اس کے لیے لیزر کٹر اور پلازما کٹر بھی منگوائے گئے ہیں جو سلکیارہ پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف 13 میٹر کا حصہ ہٹانا باقی ہے۔
ڈاکٹر خیروال نے بتایا کہ پائپ میں پھنسے اوجر بٹ کو نکالنے کے بعد مزید مائننگ کا کام مینوئل طورسے کیاجائے گا۔ جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندر پھنسے تمام کارکن محفوظ ہیں۔ تمام کارکنان حوصلے بلند رکھے ہوئے ہیں۔ کارکنوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے بی ایس این ایل کی مدد سے اضافی کمیونیکیشن سیٹ اپ تیار کیا گیا ہے۔ مزدوروں کے لیے مناسب مقدار میں خوراک اور دیگر ضروری سامان موجود ہے۔ پھنسے ہوئے کارکنوں سے ڈاکٹروں سے مسلسل بات کرائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ماہر نفسیات سے بھی مسلسل مشاورت کی جارہی ہے۔
ایڈیشنل سکریٹری، مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز، مرکزی حکومت اور ایم ڈی، این ایچ آئی ڈی سی ایل، محمود احمد نے کہا کہ بچاؤ آپریشن میں بیک وقت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جس کے تحت ورٹیکل ڈرلنگ کا کام آج شروع کر دیا گیا ہے۔ اب تک 15 میٹر ورٹیکل ڈرلنگ کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آر وی این ایل کی طرف سے بھی پرینڈیکولر ہوریزنٹل ڈرلنگ کا کام شروع کیاگیا ہے۔ اس کے لیے تمام مشینیں پہنچ چکی ہیں۔ پرپینڈیکولرہوریزنٹل ڈرلنگ کے لیے کنکریٹ بیڈ بنانے کا کام جاری ہے۔
مسٹراحمد نے کہا کہ ڈرفٹ ٹنل بنانے کے آپشن پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈرفٹ ٹنل کا ڈیزائن طے کرکے فریم کی فیبریکیشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ ڈی سی نے بھی بڑکوٹ سائیڈ سے ٹنل کی تعمیر کا کام بھی شروع کر دیا ہے جس میں اب تک چار دھماکے کر کے 10 میٹر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ بلاسٹنگ میں خصوصی احتیاط برتی جا رہی ہے۔
اس دوران ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف انفارمیشن بنشیدھر تیواری بھی موجود تھے۔

