نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے یہاں جاری کسان تحریک کا موازنہ گاندھی جی کی قیادت میں ہوئی چمپارن کسان تحریک سے کرتے ہوئے کہا کہ تحریک چلانے والے کسان بھی ستیہ گرہی ہیں اور وہ تب ہی واپس لوٹیں گے جب ان کی مانگ پوری ہوجائے گی۔
مسٹر گاندھی نے تحریک چلا رہے کسانوں کو بھی چمپارن کے کسانوں کی طرح ستیہ گرہی تحریک چلانے والا بتایا اور کہا کہ آج کے کسان بھی پکے ستیہ گرہی ہیں اور مانگ پوری ہونے تک ستیہ گرہ نہیں چھوڑیں گے۔
مسٹر گاندھی نے کہا ’’ملک ایک بار پھر چمپارن جیسے مشکل وقت کا سامنا کررہا ہے۔ تب انگریزی کمپنی بہادر تھی، اب مودی۔ دوست کمپنیاں بہادر ہیں، لیکن تحریک کا ہر ایک کسان ۔ مزدور ستیہ گرہی ہے جو اپنا حق لیکر رہے گا۔‘‘
واضح رہے کہ مہاتما گاندھی کی قیادت میں بہار کے چمپارن میں اپریل 1917 میں کسانوں کی تاریخی تحریک ہوئی تھی۔ گاندھی جی نے جنوبی افریقہ میں آزمائے ستیہ گرہ اور عدم تشدد کے اپنے راستے کا ملک میں پہلا تجربہ چمپارن میں کیا اور انگریز حکومت کو اپنا فرمان واپس لینا پڑا تھا۔

