ہاتھرس: اتر پردیش میں امن و امان کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی سیاسی جڑوں کومضبوط کرنے میں مصروف کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کی رات متاثرہ لڑکے کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف دلانے کا یقین دلایا۔
مسٹر راہل گاندھی اور محترمہ پرینکا گاندھی کے علاوہ رندیپ سرجے والا، غلام نبی آزاد اور کے سی وینوگوپال سکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان چاندپا علاقے میں متاثرہ کے گاؤں پہنچے۔ کار سے باہر نکلنے کے بعد سبھی لیڈر کچھ دور پیدل چل کر متاثرہ کے دروازے پر پہنچے۔ لیڈروں سے ملاقات کے لئے برامدے میں انتظام کیا گیا تھا، لیکن بھیڑ کی وجہ سے کنبہ انھیں کمرے میں لے گیا۔ راہل پرینکا نے ایک بند کمرے میں متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور متاثرہ کی موت پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ تاہم اس دوران میڈیا کو باہر رکھا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے متاثرہ کے ماں باپ اور بہن بھائیوں کو انصاف دلانے میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔
اس سے قبل یکم اکتوبر کو راہل پرینکا نے ہاتھراس جانے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے انہیں ضلع میں حکم امتناعی کا حوالہ دیتے ہوئے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر روک دیا تھا، جس کے بعد دونوں بہن بھائی پیدل ہی ہاتھراس کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔ بعدازاں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا اور گریٹر نوئیڈا کے ایک گیسٹ ہاؤس میں رکھا تھا۔
کانگریس نے اس کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے ریاست بھر میں دھرنا احتجاج شروع کردیا تھا۔ محترمہ گاندھی اور مسٹر گاندھی نے الگ الگ ٹویٹ میں متاثرہ افراد کے لواحقین سے ملنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ آج ان کے ہاتھراس جانے کے امکان کے سبب پولیس نے دہلی بارڈر پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے تھے جبکہ پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو کو ان کے گھر نظربند کردیا تھا۔

