لکھنؤ:03اپریل(زمینی سچ) کووڈ۔19 متاثرہ مریضوں کا علاج کررہے میڈیکل اسٹاف کو کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچانے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےسماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت کو میڈیکل ملازمین کی سیکورٹی کاموثر انتظام کرنا چاہئے۔مسٹر یادو نے جمعہ کو کہا کہ مریضوں کی خدمات میں لگے 50 سے زیادہ ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع تشویش کا باعث ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں اپنی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور میڈیکل ملازمین کے ساتھ کچھ مقامات پر بدسلوکی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ حکومت ان کے لئے ہر قسم کی سیکورٹی کا موثر انتظام کرے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد بنائے رکھنے کے لئے حکومست سے کچھ توقعات بھی ہیں جن کا وقت کے اندر اعلان ہونا چاہے۔حکومت اس پر بھی دھیان دے کہ لکھنؤ میں لاک ڈاؤن میں پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم ( پی پی ایس) کے ڈاون سرور کی وجہ سے عوام پورے پورے دن بھوکے پیاسے لائن میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی گڑھ، امروہہ، سنبھل، اوریا، اعظم گڑھ میں انتظامیہ کی منمانی کی وجہ سے عوام کو اناج نہیں مل رہا ہے۔ بہت سے مقامات پر متعین مقدار سے کم اناج دیا جارہا ہے۔

