سری نگر، یکم اپریل : جموں وکشمیر میں مسلسل پندرہ سال تک رہائش اختیار کرنے والا کوئی بھی شخص اس یونین ٹریٹری کے ڈومیسائل حقوق کا حقدار ہوگا اور یہاں سرکاری نوکریوں کا اہل اور غیر منقولہ جائیداد کا مالک بن سکتا ہے۔
مرکزی حکومت کی طرف سے گذشتہ رات دیر گئے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی شخص جو جموں وکشمیر میں پندرہ سال تک رہائش پذیر رہا ہو یا جس نے یہاں سات برسوں تک تعلیم حاصل کی ہو اور دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں یہیں حصہ لیا ہو، وہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حقدار ہوں گے اور جموں وکشمیر میں سرکاری نوکریوں کے لئے درخواست داخل کرنے کے اہل ہوں گے۔ تاہم مرکزی حکومت اور آل انڈیا سروسز کے اہلکار جموں وکشمیر میں دس برس کی خدمات دینے کے بعد ہی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حقدار ہوں گے۔
مذکورہ نوٹیفکیشن کے تحت اب جموں وکشمیر میں ‘مستقل رہائشی سند’ کے بجائے ‘ڈومیسائل سند’ جاری کی جائیں گی۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا جموں وکشمیر کے مستقل رہائشیوں کو بھی ‘ڈومیسائل اسناد’ جاری کی جائیں گی یا نہیں۔
ٹوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی ڈومیسائل سند یافتہ شخص جموں وکشمیر میں غیر منقولہ جائیداد کا مالک بھی بن سکتا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریلیف اور باز آباد کاری کمشنر کی طرف سے درج شدہ مہاجرین کو ترمیم شدہ ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کم درجہ یا نان گزیٹڈ اسامیاں جموں وکشمیر کے مستقل اور ڈومیسائل رکھنے والے شہریوں کے لئے مخصوص رکھی گئی ہیں جبکہ اعلیٰ درجہ یا گزیٹڈ اسامیوں کے لئے پورے ملک سے امیدوار اپنی درخواستیں دے سکتے ہیں۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت کی طرف سے سال گذشتہ کے پانچ اگست کے جموں وکشمیر کو آئینی دفعات 370 اور 35 اے کی تنسخ سے قبل جموں وکشمیر اسمبلی کو کسی کو ریاست کا باشندہ تعین کرنے کا اختیار تھا اور صرف جموں وکشمیر کے باشندوں کو ہی سرکاری نوکریوں کے لئے درخواست جمع کرنے اور غیر منقولہ اثاثے کے مالکانہ حقوق حاصل تھے۔

