کانپور 2 اپریل(زمینی سچ):آج قاضی شہر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء اترپردیش کی ہدایت پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے سکریٹری قاری عبدالمعید چودھری نے اپنے رفقاء محمد ارمان اور محمد ذاکر صاحبان (چکرپور منڈی و قدوائی نگر) کے ساتھ کانشی رام کالونی پنکی کانپور نگر پہنچ کر غلہ کی تین سو کٹس تقسیم کیں۔ یہاں نوے فیصد برادرانِ وطن، دلت و پچھڑی ذاتیں رہتی ہیں، ان لوگوں نے بتلایا کہ آج تک کوئی ہماری مدد کو نہیں آیا، کچھ لوگ آئے اور دو دو چار چار پوری سبزی دے کر چلے گئے، اس سے کیا ہوتا ہے۔ آج تین سو لوگوں کو آٹا، دال، چاول وغیرہ غلہ کی کٹس دی گئیں تو وہ لوگ شکریہ ادا کرنے لگے۔ خیال رہے کہ اس کالونی میں تقریباً پندرہ سو فیملیاں رہتی ہیں اور آج تک کھانے کا کوئی نظم نہیں کیا گیا۔
آج جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا اسامہ قاسمی کی ہدایت پر شہری یونٹ کے سکریٹری قاری عبدالمعید چودھری نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ کانشی رام کالونی پنکی میں جبکہ قاری بدرالزماں قریشی، مولانا داؤد قاسمی اور مولانا محمد شاہد قاسمی نے جاجمؤ میں گجوپوروہ، موتی نگر، کے ڈی اے کالونی، سیتلابازار اور اناؤ کے شکلاگنج میں کھانا، پانی و غلہ کی کٹیں تقسیم کیں۔مولانا اسامہ قاسمی نے اہل خیر حضرات سے زکوۃ صدقات کے علاوہ امدادی رقم بھی دینے کی درخواست کی تاکہ ضرورت مند غیر مسلم بھائیوں کی بھی مدد کی جاسکے اور وہ بھی بھوکے نہ سوئیں، یہی ہمارے نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم ہے۔
