لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ بی جےپی حکومت کو راجدھانی لکھنؤ کی ترقی اور تزئین کاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
لکھنؤ کے نو منتخب سماج وادی کے کاونسلرس کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کوئی نیا کام نہیں کیا ہے۔ لکھنؤ میں سب سے زیادہ کام سماج وادی حکومت میں ہوا تھا۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی کوئی کام نہیں کرتی ہے پھر بھی سماج وادی پارٹی کو بدنام کرتی ہے۔ اسمارٹ سٹی کے نام پر بی جے پی حکومت لگاتار دھوکہ دے رہی ہے۔ جو صورتحال اس وقت راجدھانی لکھنؤ کی ہے وہی پوری ریاست کے اضلاع کا ہے۔
شری یادو نے کونسلروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقے کی ترقی پر توجہ دیں۔ بی جے پی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرے گی، پھر بھی کام کرتے رہنا ہے۔ کام کی رفتار جتنی زیادہ ہوگی اتنظام بھی اتنا ہی بہتر ہوگا۔
کاونسلروں کی میٹنگ میں بتایا گیا کہ لکھنؤ میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ایکوگرین کمپنی نے بہت سی بے ضابطگیاں کی تھیں، اس کے باوجود اسے بی جے پی اور افسران کی آشیرواد حاصل تھی۔ بی جے پی کے دور حکومت میں صفائی ملازمین کی کوئی نئی بھرتی نہیں ہوئی تھی۔ شہر میں جگہ جگہ کچرا پھیلا ہوا ہے۔ کچی آبادیوں میں صفائی کا کوئی انتظام نہیں۔ کشمیری علاقے میں سیوریج لائن تک نہیں ہے۔ سانڈ آزاد گھوم رہے ہیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ سماج وادی حکومت کے دوران ہی لکھنؤ میں صفائی کے 40 ٹرک خریدے گئے تھے۔ گٹر کی صفائی کے لیے صرف دو یا تین مشینیں ہیں۔ میٹرو ریل، گومتی ریور فرنٹ صرف سماج وادی حکومت کا تحفہ ہے۔ تعلیم-صحت خدمات میں اصلاحات صرف سماج وادی حکومت میں کی گئیں۔ پانی بجلی کا مسئلہ بہتر ہو گیا تھا۔ گھنٹہ گھر کے قریب تزئین کاری کا کام صرف سماج وادی حکومت کے دوران ہواتھا۔
کاونسلرس نے یہ بھی بتایا کہ آج بھی وہاں وہی پانی کے ٹینک ہیں جو سماج وادی حکومت کے دوران بنائے گئے تھے۔ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ پینے کے پانی اور صفائی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ لکھنؤ اسمارٹ سٹی کے معیار کو پورا کرنے میں بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

