بی جے پی نے ضمنی انتخابات میں لہرایا پرچم

0

نئی دہلی : بہاراسمبلی کے ساتھ 11 ریاستوں کی 59 اسمبلی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو اپناپرچم لہراتے ہوئے 21 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے اور اسے 19 پر برتری حاصل ہے جبکہ کانگریس نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اورآٹھ نشستوں پر آگے ہے۔
الیکشن کمیشن سے حاصل کردہ رجحانات کے مطابق بی جے پی نے مدھیہ پردیش کے 28 ضمنی انتخابات میں سے نو میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 10 پر آگے ہے۔ اس طرح ریاست میں بی جے پی نے اپنا اقتداربرقرار رکھنا یقینی بنالیا ہے۔ ریاستی اسمبلی میں 230 نشستیں ہیں۔ بی جے پی کے پاس اس وقت 107 سیٹیں ہیں۔ مدھیہ پردیش میں ، کانگریس نے اب تک صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے اور سات پرآگے ہے۔ مدھیہ پردیش کی ایک نشست پر بہوجن سماج پارٹی کی برتری ہے۔
گجرات میں بی جے پی نے اپنی مقبولیت برقرار رکھتے ہوئےآٹھ نشستوں پرہوئے ضمنی انتخابات میں سے چار پر جیت درج کرلی ہےاور چار میں اسے برتری حاصل ہے۔ ریاست میں کانگریس نے ان انتخابات میں بہت خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ نہ تو کوئی کوئی سیٹ جیت پائی اورنہ ہی کسی سیٹ پر اس کا امیدوار آگے چل رہا ہے۔ جبکہ کانگریس اراکین اسمبلی کے استعفے کے بعد ہی یہ ضمنی انتخابات کرائے گئے تھے۔
اترپردیش کی سات نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں بی جے پی پانچ میں آگے ہے اور سماج وادی پارٹی کے امیدوار دو پر آگے چل رہے ہیں۔
شمال مشرقی ریاست منی پور میں پانچ سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی نے تین پر جیت حاصل کرلی ہےاوراسے ایک پر برتری حاصل ہے۔ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔
کرناٹک کی دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرایا گیا جہاں حکمراں بی جے پی نے ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے اوراس کا امیدوار ایک پر آگے ہے۔ تلنگانہ میں بھی ایک سیٹ پر ضمنی الیکشن ہوا، جہاں بی جے پی نے حکمران تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدوار کو شکست دے دی۔ اڈیشہ کی دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، جہاں حکمراں بیجو جنتا دل برتری حاصل کررہی ہے۔
ہریانہ کی ایک نشست پرہوئے ضمنی الیکشن میں کانگریس نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ناگالینڈ کی دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، جہاں نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی نے ایک سیٹ جیت لی ہے اور ایک پرآزاد امیدوار نے برتری حاصل کرلی ہے۔
جھارکھنڈ کی دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جہاں ایک پرکانگریس نےجیت درج کی اور ایک پرجھارکھنڈ مکتی مورچہ نے۔ چھتیس گڑھ میں ایک سیٹ پر ضمنی الیکشن کرایاگیا جہاں کانگریس آگے ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here