لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں کے دھنسنے اور پانی جمع ہونے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے ہر سطح پر بدعنوانی کی ہے۔
یادو نے پیر کو کہا کہ عوام بارش اور بجلی بحران سے بے حال ہیں۔ راجدھانی لکھنؤ میں بارش کی وجہ اتنی سڑکیں آج تک نہیں دھنسی جتنی اس بار دھنسی ہیں۔ بارش میں ریاست میں تین درجن سے زیادہ لوگوں کی اموات ہوئی ہیں۔ درجنوں مکان گر گئے۔ کافی جن دھن کا نقصان ہو اہے۔ غازی آباد کی کالونیوں میں 12فٹ تک پانی بھر گیا ہے۔ کئی اسپتالوں میں وارڈوں کے اندر تک پانی بھر گیا ہے۔ لکھنؤ میں کئی علاقوں میں پانی بھرنے جیسے حالات ہیں۔اشتہارات میں سڑکوں کو گڑھا سے پاک کرنے کے دعوے کئے گئے لیکن اصلیت میں صرف کمیشن بازی ہوئی۔ نتیجتا بارش میں کتنے ہی دوپہیہ۔چارپہیہ گاڑی سوار گڑھوںمیں گر گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس بارش نے کسانوں کو بری طرح تباہ کر دیا ہے۔ فصلیں بڑے پیمانے پر تباہ ہو چکی ہیں۔ جانوروں کو چارہ بھی نہیں مل رہا۔ جانوروں کی بیماریوں کا علاج نہیں کیا جاتا۔ بارش کے موسم میں بیماریوں کی وباء بڑھنے کے باعث بیماروں کا ہسپتالوں میں علاج نہیں ہو رہا۔
بی جے پی راج میں اسپتالوں کی حالت اتنی خراب ہوگئی ہے کہ مریضوں کو نہ تو دوا مل رہی ہے اور نہ ہی علاج۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی شدید کمی کی وجہ سے ٹیسٹ اور علاج کی شدید کمی ہے۔ آیوشمان کارڈ کو لے کر کافی شور و غوغا ہے لیکن کئی اسپتالوں میں اسے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کیش لیس علاج کے نام پر سرکاری ملازمین اور اساتذہ مارے مارے پھر رہے ہیں۔ پرائیویٹ اسپتالوں میں لوٹ مارمچی ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا بی جے پی حکومت نے خود بجلی کے بحران کو دعوت دی ہے۔ پہلے پانچ سال صرف جملے بازی میں گزارنے سے بی جے پی دوسرےمیعادکار میں ایک یونٹ بھی بجلی پیدا نہیں کر پائی ہے۔ سماج وادی حکومت میں جو پاور پلانٹس لگائے گئے تھے ان سے بجلی کی پیداوار دوگنی کر دی گئی تھی لیکن بی جے پی نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ ریاست کو مکمل طور پر تباہ کر کے ہی دم لے گی۔

