لکھنؤ:سبزی اور روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں یومیہ اضافے سے ناخوش سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو کہا کہ ڈبل انجن حکومت نے عوام الناس کو مہنگائی کی آگ میں جلنے اور پونجی گھرانوں کی جھولی بھرنے کا کام کیا ہے۔
یادو نےیہاں جاری بیان میں کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں وصولی اور لوٹ مار کی وجہ سے عوام کی جیب مہنگائی کی زد میں آ رہی ہے۔ ٹماٹر ہو یا ادرک، پرول، شملہ مرچ، ہری مرچ ہو یا مشروم، سب کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ یہی نہیں ارہر، چنے کی دال اور آٹا چاول بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔ غریبوں کی پلیٹ اب خالی ہے۔ عام شخص اپنے کنبے کی روزی روٹی کیسے چلائے۔لوگ کیا کھائیں کیا بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور بی جے پی حکومت کبھی کاشی میں، کبھی گورکھپور یا ایودھیا میں بڑے بڑے بیانات کے تحفے بانٹ کر نئے جشن میں مصروف ہے۔ ٹماٹر 100 سے 150 روپے، پرول 100 سے 120، لہسن 200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مارکیٹ میں کوئی سبزی 40 روپے فی کلو سے کم میں دستیاب نہیں ہے۔ جون کے مہینے میں تور، چنے کی دالوں کی قیمتوں میں 12 فیصد جبکہ گندم کے آٹے کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ چاول کی قیمت میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ درحقیقت بی جے پی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ڈبل انجن والی حکومت نے عام عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھونکنے اور سرمایہ داروں کی جیبیں بھرنے کا کام کیا ہے۔ یہ بڑے سرمایہ دار گھرانے صرف بی جے پی کی انتخابات میں مدد کرتے ہیں۔ اپنے فائدے کے لیے بی جے پی کو بینکوں کے بڑھتے ہوئے خسارے، صنعت کاروں کے قرض لے کر بھاگنے کی بالکل بھی فکر نہیں ہے۔ عوام کو تکلیف ہو رہی ہے، بی جے پی حکومت مست ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کا ماننا ہے کہ مہنگائی سے نجات کے لیے بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہو گیا ہے۔’دام باندھو نیتی’ کا نعرہ جو ڈاکٹر رام منوہر لوہیا جی نے دیا تھا اسے سماج وادی ہی پورا کر سکتے ہیں۔ سماج وادی نظام تبدیلی کے حامی ہیں جس میں غریبوں اور پسماندہ افراد کو خصوصی موقع دیا جائے۔

