بنگال کے دس اضلاع کو ریڈ زون قرار دئیے جانے پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی آمنے سامنے

0
Mamta Banerjee/Amit Shah

کلکتہ:مرکزی حکومت کے ذریعہ ریاست کے 10اضلاع کو ریڈ زون قرار دئیے جانے پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان تکرار شرو ع ہوگئی ہے۔ترنمول کانگریس نے کہا ہے کہ مرکز کے گائیڈ لائن کے ریاست کے صرف چار اضلاع کلکتہ،شمالی 24پرگنہ،ہوڑہ اور مشرقی مدنی پور ریڈ زون ہیں مگر ریاست کی شبیہ کو خراب کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے 10اضلاع ریڈزون قراردیا ہے۔ریاستی حکومت نے مرکزی وزارت صحت کو خط لکھ کر اس پر احتجاج کیا ہے۔بی جے پی نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت اعدادو شمار چھپارہی ہے۔دوسری جانب گورنرجگدیپ دھنکر نے بھی ممتا حکومت پر اعدادو شمار کو چھپانے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممتا حکومت کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھپارہی ہے اور مرکزی و ریاستی حکومت کے اعداد وشمار میں بہت ہی فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے عداد و شمار میں اتنا بڑا فر ق کیسے ہوسکتا ہے۔مغربی بنگال حکومت نے مرکزی وزارت صحت کو خط لکھ کر کہا ہے کہ بنگال میں صرف چار اضلاع ”ریڈ زو“ کے دائرے میں آتے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کو لکھے گئے خط میں محکمہ صحت میں پرنسپل سکریٹری وویک کمار نے مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری فہرست غلط اندازوں پر مبنی ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ مغربی بنگال حکومت نے مرکز کے طے شدہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چار ”ریڈ زونز“ کلکتہ، ہورڑہ، شمالی 24 پرگنہ اور مشرقی میدنی پور کا اعلان کیا ہے۔پرنسپل سیکریٹری نے اپنے خط میں ریاست کے اورینج اور گرین زون میں آنے والے اضلاع کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا ہے بنگال میں آٹھ اضلاع ”گرین زون“میں ہیں جبکہ 11 اضلاع ”اورنج زون“ میں ہیں۔خیال رہے کہ دو دن قبل ریاست چیف سیکریٹریوں اور مرکزی وزارت صحت کے سیکریٹریو کے درمیان میٹنگ ہونے کے بعدمرکزی وزارت صحت کی جاب سے جاری ریڈزون کی فہرست میں بنگال کے دس اضلاع کلکتہ، ہوڑہ، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، مغربی مدنی پور، مشرقی مدنی پور، دارجلنگ، جلپائی گوڑی، کالمپونگ اور مالدہ شامل ہے۔دوسری جانب مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری فہرست پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن ڈاکٹرسنتانو سین نے کہا کہ ”بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کا واحد مقصد بنگال کو بدنام کرنا ہے اور کورونا وائرس سے نمٹنے میں بنگال حکومت کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنا ہے۔ مرکز ریاستی حکومت کی رضامندی کے بغیر 10 اضلاع کو ہاٹ اسپاٹ کے طور پر کیسے اعلا ن کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی ڈھانچے کے خلاف ہے۔بی جے پی کے قومی سکریٹری راہل سنہا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ممتا حکومت کے جھوٹ کو بے نقاب کیا ہے۔ریاستی حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی اور ہے اور اعداد و شمار کو چھپارہی ہے۔انہوں نے کہا بیماری چھپانے سے نہیں بلکہ تدبیریں کرنے سے ختم ہوں گی اور ریاست کے عوام کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کرنے نہیں دیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here