نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے بدھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کہنے پر ایم پی سنجے سنگھ کو قتل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے دلیپ پانڈے نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر سنگھ کی منگل کو عدالت میں پیشی کے دوران سامنے آنے والی سچائی نے بی جے پی کی سستی سیاست اور انتقام کے جذبے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عدالت میں یہ واضح ہو گیا کہ ای ڈی بی جے پی کے کہنے پر سنجے سنگھ کے قتل کی سازش کر رہی تھی۔ یہ ایک بڑا سوال ہے اور ای ڈی اور بی جے پی دونوں کو اس سوال کا جواب دینا چاہیے۔
اے اے پی کے لیڈر نے کہا کہ ای ڈی کی حراست کے دوران دو بار ایسا ہوا کہ مسٹر سنگھ کو عدالت کے علم میں لائے بغیر کسی نامعلوم مقام پر لے جانے کی کوشش کی گئی۔ اس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ اوپر کون بیٹھا ہوا ہے جو ای ڈی کو قواعد کو نظرانداز کرکے کچھ کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا، دس گھنٹے تک چھاپہ مارنے کے بعد بھی ثبوت کے نام پر ایک کاغذ کا ٹکڑا بھی نہیں ملا، پھر بھی ای ڈی سے یہ بات نکل کر آئی کہ انہیں اوپر سے کسی نے حکم دیا ہے۔ ای ڈی کے اوپر کون آدمی بیٹھا ہوا ہے جو بے خوف اور ایماندار مسٹر سنگھ سے اتنا خوفزدہ ہے کہ انہیں بے بنیاد گرفتار کرکے قتل کرنے کی سازش رچی جارہی ہے؟ یہ ایک بڑا سوال ہے، اگر ای ڈی اور بی جے پی الگ الگ جواب دیں تو تصویر واضح ہو جائے گی۔

