نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج کہا کہ ملک میں امیر اور غریب سبھی بچوں کو یکساں تعلیم ملنی چاہئے۔
مسٹرکیجریوال نے یہ بات آج یہاں تیاگراج اسٹیڈیم میں منعقدہ ایکسی لینس ان ایجوکیشن ایوارڈ 2023 تقریب میں 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 218 بچوں اور اسکولوں کو ایوارڈ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے ہر بچے کو اچھی تعلیم دی جائے گی تو یہی بچے ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔ دہلی میں ہم نے تمام بچوں کو اچھی تعلیم دے کر یہ دکھایا ہے۔ ملک کے اندر امیر و غریب تمام بچوں کو یکساں تعلیم ملنی چاہیے۔ ہماری حکومت نے دہلی کے اندر تمام بچوں کو یکساں تعلیم فراہم کرنے کی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ ہمارے اسکولوں اور نظام تعلیم کا فرض ہے کہ وہ ہر بچے کو اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں۔ ہم دہلی کے تمام سرکاری اسکولوں میں طرح طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ہر بچہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں جو تعلیمی انقلاب آیا ہے اس کا سہرا سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو جاتا ہے۔ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں 60-70 ہزار اساتذہ کام کرتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے سرکاری اسکولوں میں اچھا ماحول فراہم کیا۔ آج دہلی کے سرکاری اسکولوں میں بہترین سہولیات موجود ہیں۔ اساتذہ کی عزت افزائی کی جاتی ہے۔ اساتذہ کو تربیت کے لیے آئی آئی ایم اور بیرون ملک بھیجا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ امیر اور غریب کے بچوں کو یکساں تعلیم ملنی چاہیے، آج ہم نے یہ اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ امیر اور غریب دونوں کے بچے دہلی کے سرکاری اسکولوں میں پڑھنے جاتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر تعلیم آتیشی نے کہا، “ہم اپنے اسکولوں میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ صرف آج کی تصویر نہیں ہے، بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ آنے والے برسوں میں ہمارے ملک کی تصویر کیا ہونے والی ہے۔ آج ہمارے اسکولوں میں پڑھائی کا جوماحول ہے،بچوں میں جس ایکسیلنس کو دیکھ رہے ہیں، ٹیچروں کے پڑھانے اور سیکھنے کے طورطریقے جو دیکھ رہے ہیں، ان سبھی پر بہت فخر ہوتا ہے۔”

