امریکہ اور چین کو ڈبلیو ایچ او کی نصیحت، کورونا پر سیاست نہ کریں

0

جنیوا / نئی دہلی ،9 اپریل ( یواین آئی ) عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم نے امریکہ اور چین سمیت دنیا کے تمام ممالک کو کورونا وائرس ’ کووڈ 19‘ پر عالمی اور گھریلو سطح پر سیاست کرنے کے بجائے اس کا مل کر مقابلہ کرنے کی نصیحت دی ۔ ڈبلیو ایچ او کی باضابطہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تبصرہ کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر ٹیڈروس نے بے حد سخت لہجے میں کہا کہ قومی سطح پر اتحاد اور بین الاقوامی سطح پر یکجہتی کے بغیر ہم اس وائرس کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا’’ قومی سطح پر اتحاد ضروری ہے ۔ سیاست نہ کریں ۔ سیاسی مفاد کے لئے کووڈ استعمال نہ کریں، ورنہ ہمیں اور کفن کی ضرورت ہو گی‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ 1967 میں چیچک کے خاتمے کے لئے امریکہ اور اس وقت کے سوویت یونین سرد جنگ کے اختلافات کو بھلا کر متحد ہوئے تھے ۔ آج سرد جنگ جیسی صورت حال نہیں ہے ۔ کورونا کے خلاف جنگ میں امریکہ اور چین کو متحد ہونا چاہئے، جی 20 ممالک کو متحد ہونا چاہئے، دنیا کے تمام ممالک کو متحد ہونا چاہئے ۔ ہمیں کورونا وائرس پر سیاست کو قرنطینہ میں بھیج دینا چاہئے ۔
مسٹر ٹیڈروس نے کہا کہ کورونا وادئرس سے ہر منٹ لوگ مر رہے ہیں ۔ اگر ہم جلدی متحد نہیں ہوئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا’کووڈ -19 کے تعلق سے اب بھی بہت کچھ ہمیں پتہ نہیں ہے ۔ یہ ایک نیا وائرس ہے ۔ ہمیں پتہ نہیں کہ آگے جاکر یہ کس طرح کا برتاؤ کرے گا ۔ لہذا ہمارا متحد ہونا پہلے سے زیادہ ضروری ہے‘‘ ۔ اس سے پہلے اپنے ابتدائی خطاب میں مسٹر ٹیڈروس نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف كووڈ 19 کو ایک نامعلوم وائرس کے طور پر شناخت کئے ہوئے 100 دن جمعرات کو پورے ہو رہے ہیں ۔ ان 100 دنوں میں اس وائرس نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے ۔ یہ نیا وائرس ہے اس لئے ہمیں مزید حیرت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here