جی 20 کے رکن ممالک کی پارلیمانی اسپیکرز سمٹ (P20) جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کل کیا تھا، آج لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کی اختتامی تقریر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ۔
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، بین پارلیمانی یونین کے صدر مسٹر ڈورتے پچیکو ، G20 ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکرس اور دیگر مندوبین نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس اختتامی تقریر میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے “پارلیمنٹ فار ون ارتھ،” کے موضوع پر منعقدہ P-20 چوٹی کانفرنس کی کامیابی میں تعاون کرنے کے لیے G20 ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکرس اور مدعو ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر برلا نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ مشترکہ بیان کی متفقہ منظوری نے P20 کے عمل کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ SDGs، گرین انرجی، خواتین کی زیر قیادت ترقی اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے موضوعات پر منعقدہ چار سیشنز میں مندوبین کی جانب سے جن بیش قیمت خیالات کا اظہار کیا گیا، ان سے G-20 کے عمل کو مزید تقویت ملے گی اور انسانیت پر مرکوز ترقی کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اس دوران مسٹر برلا نے ہندوستان کے اندرونی مسائل پر یوروپی پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کے خلاف احتجاج درج کرایا۔
جی 20 کے پارلیمانی جہت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں ہونے والی بات چیت سے جی 20 کے پارلیمانی جہت کی اہمیت واضح طور پر سامنے آئی ہے اور یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ یہ ایک زمین، ایک مستقبل کی تعمیر کی اجتماعی کوشش ہے۔ ایک خاندان، ایک مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے پارلیمنٹ کیسے مل کر کام کر سکتی ہے۔
کثیرجہتی پر زور دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آج کی باہم مربوط دنیا میں ہم کسی خاص مسئلے کو تنہائی میں نہیں دیکھ سکتے۔ اس تناظر میں انہوں نے مشترکہ بیان کے آرٹیکل 27 کا حوالہ دیا:
“ہم تنازعات اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتے ہوئے بین الاقوامی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک مدبر کے طور پر متعلقہ فورمز پر پارلیمانی سفارت کاری اور مذاکرات کو جاری رکھیں گے۔”
مسٹر برلا نے آنے والے وقتوں میں COP-20، G-20 اور دیگر فورمز پر اپنے مشترکہ وعدوں کو آگے بڑھانے کے لیے G20 ممالک کی پارلیمانوں کے اجتماعی عزم کو بھی دہرایا۔ ممبران پارلیمنٹ کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے طور پر اراکین پارلیمنٹ عوام کی امیدوں، امنگوں اور توقعات کو پورا کرنے کے لیے ضروری پالیسیاں اور قانون بنانے کے لیے ایک خاص پوزیشن میں ہیں۔ مسٹ برلا نے کہا کہ ان کا کردار حکومت کی کوششوں کا تکمیلی ہے اور عوامی بہبود کے مقصد سے اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے میں ہمارا خصوصی تعاون ہے۔
ہندوستان کی P20 چیئرمین شپ کے اختتام پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے P20 کی چیئرمین شپ برازیل کی پارلیمنٹ کو سونپی۔
آئی پی یو کے صدر سے دو طرفہ ملاقات
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پی ۔ 20 سمٹ کے موقع پر بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے صدر دوارتے پچیکو سے ملاقات کی۔ لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان جمہوری طرز حکمرانی کو فروغ دینے اور اس کی حمایت کرنے اور لوگوں کی خدمت کے لیے مضبوط پارلیمنٹ کی تعمیر کے ایجنڈے میں IPU کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی پی یو اور اس کی کمیٹیوں کی متنوع سرگرمیوں میں ہندوستان کی مسلسل شرکت IPU کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مسٹر برلا نے مشورہ دیا کہ جمہوری اصولوں اور کثیرجہتی کو ترجیح دی جانی چاہیے اور عالمی فورمز پر سب کو مناسب نمائندگی دی جانی چاہیے۔ لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان اور آئی پی یو دونوں کا مشترکہ مقصد بین الاقوامی نظم و نسق کے ڈھانچے کو جمہوری بنانا ہے۔
روس کے ساتھ دوطرفہ
P20 سمٹ کے موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے روسی فیڈریشن کی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر محترمہ ویلنٹینا ماتویینکو کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ مسٹر برلا نے P20 کو کامیاب بنانے میں ان کے تعاون کے لیے محترمہ ماتویینکو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے سیاسی تجربے اور پارلیمنٹ اور بین پارلیمانی یونین (IPU) میں ان کے تعاون کو بھی سراہا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور روس کے طویل عرصے سے قریبی تعلقات ہیں، مسٹر برلا نے کہا کہ دونوں ممالک بحران کے وقت ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے ساتھ فوجی، زراعت، توانائی اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں۔ ہندوستان اور روس کے قائدین کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور روس دونوں پارلیمانی سفارت کاری کو مزید فروغ دیکر اپنے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

