گورکھپور:اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لگاتار دوسرے دن منگل کو جنتا درشن میں لوگوں سے مل کر ان کے مسائل کو سنا اور فوری تصفیہ کے لئے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مدد اور مستحقین کو انتظامیہ کی مفاد عامہ کی اسکیمات سے مستفید کرنے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔
وزیر اعلی نے یہ ہدایت آج اپنے گورکھپور قیام کے دوسرے دن گورکھناتھ مندر احاطے میں جنتا درشن کے دوران لوگوں کے مسائل سننے کے دوران دئیے اور کہا کہ اس میں کسی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی سطح پر کوئی دقت آرہی ہے تو اس کا پتہ لگا کر ازالہ کرایا جائے او رکسی سطح پر جان بوجھ کر معاملے کو التواء میں رکھا گیا ہے تو وہاں ذمہ داری یقینی کر متعلقہ افسر کے خلاف کاروائی کی جائے۔
یوگی نے بہت سکون سے سب کی بات سنی اور سب کو یقین دلایا کہ کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ہر مسئلے کا موثر حل فراہم کرائیں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے موقع پر موجود انتظامیہ اور پولیس حکام کو واضح طور پر سمجھایا کہ وہ عوامی مسائل کو بروقت، منصفانہ اور معیاری طریقے سے حل کریں۔
بعض معاملات پر وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یہ معلوم کریں کہ اگر کسی کو انتظامیہ کا تعاون نہیں ملا تو اس کی وجوہات کیوں اور کیا ہیں۔ ہر مظلوم کی فوری مدد کی جائے۔ انہوں نے زمینوں پر قبضے کی شکایات پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔

