نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کی صورت حال جلد معمول پر آنے کا جمعرات کو اعتماد ظاہر کیا کہ اس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے اور جلد ہی اس ریاست میں حالات معمول پر آجائیں گے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ریاست میں امن بحال کرنے کے لئے مرکز اور منی پور حکومت کی طرف سے متواترکوششیں جا رہی ہیں۔انہوں نے منی پور کے لوگوں کو یقین دلایا کہ پوری پارلیمنٹ ان کے ساتھ ہے اور ریاست جلد ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گی۔
وزیر اعظم اپوزیشن کی طرف سے پیش کردہ لوک سبھا میں عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ جب وزیر اعظم نے منی پور پر بات کی ، اس سے چند منٹ قبل ہی اپوزیشن واک آو¿ٹ کر چکی تھی۔
انہوں نے اپوزیشن ممبران پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سوال کرتے ہیں لیکن جواب سننے کی سکت نہیں رکھتے۔بعد میں اپوزیشن کی عدم موجودگی میں اپوزیشن کی پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک شکست سے دوچار ہوگئی۔
وزیر اعظم نے اپنی 2 گھنٹے سے زائد طویل تقریر میں مختلف مسائل پر گفتگو کی اور کانگریس پارٹی بالخصوص اس کے لیڈران جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی کو نہ صرف منی پور بلکہ پورے شمال مشرق میں پیدا ہونے والے مسائل کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اپوزیشن کو گھیرنے کی کوشش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شمال مشرق میں مسائل کے لیے کانگریس اور اس کی سیاست ذمہ دار ہے۔ اس نے اس خطے میں ماضی میں تشدد کے کئی واقعات درج کیے اور اس کا الزام پرانی پارٹیوں پر ڈالا۔
اپنی حکومت کے خلاف لائے گئے عدم اعتماد کی تحریک پربولتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اپوزیشن ملک کے بارے میں منفی تاثرات پھیلانے میں خوشی محسوس کرتا ہے اور زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت 2024 میں ہیٹ ٹرک کے راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے نئے آنے والے I.N.D.I.A. میں تضادات کو بھی سامنے لانے کی کوشش کی اور کہا کہ اس گروپ میں شامل تمام رہنما وزیر اعظم بننے کے خواہشمند ہیں۔

