دگ وجے سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج

0

نئی دہلی:مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ راجیش جوشی نے کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کے ذریعہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے دوسرے سرسنگھ چالک مادھو سداشیو گولولکر گروجی کو لے کر سوشل میڈیا پر ایک فرضی بیان شیئر کئے جانے کے حوالے سے پولیس رپورٹ درج کرائی ہے۔
اندور کے سداما نگر کے رہنے والے مسٹر راجیش جوشی نے ہفتہ کی رات تقریباً 11.30 بجے توکو گنج تھانے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے، 469، 500 اور 505 کے تحت ایف آئی آر درج کرائی۔
مسٹر جوشی نے پولیس رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی بے لوث سماجی خدمت تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے خلاف بدنیتی سے دلتوں، او بی سی، مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان دشمنی، نفرت اور انتشار پیدا کرکے آپس میں اکسانے اورطبقاتی جدوجہد کے مقصد سے جان بوجھ کر کی گئی پوسٹ سے ان کی، آر ایس ایس کے رضاکاروں اور ہندو برادری کی مذہبی عقیدت کو ٹھیس پہنچی ہے۔
ہفتہ کی شام تقریباً 4 بجے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ مسٹر سنگھ نے ٹوئٹر پر ایک مبینہ اخباری تراشہ شیئر کرتے ہوئے لکھا، “گرو گولولکر جی کا دلتوں، پسماندہ اور مسلمانوں کے لئے نیز قومی پانی، جنگل اور زمین پر حقوق کے بارے میں کیا نظریہ تھا ضرور جانئے۔
مبینہ اخباری تراشے میں گرو گولولکر کے حوالے سے لکھاگیا ہے ’’میں ساری زندگی انگریزوں کی غلامی کرنے کے لیے تیار ہوں، لیکن میں ایسی آزادی نہیں چاہتا، جو دلتوں، پسماندہ اور مسلمانوں کو مساوی حقوق دے۔‘‘
اس پرراشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے گہرا اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈر جھوٹ کا سہارا لے کر سماجی منافرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سنگھ کے آل انڈیا پبلسٹی ہیڈ سنیل آمبیکر نے مسٹر دگ وجئے سنگھ کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ٹویٹر پر انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا، “مسٹر گولولکر گروجی کے تناظر میں یہ ٹویٹ بے بنیاد ہے اور سماجی عدم استحکام پیدا کرنے والا ہے۔ سنگھ کی شبیہ کو خراب کرنے کے مقصد سے یہ جھوٹا فوٹو شاپ کرکے تصویر لگائی گئی ہے۔ شری گرو جی نے کبھی بھی ایسا نہیں کہا۔ ان کی پوری زندگی سماجی تفریق کے خاتمے کے لیے وقف تھی۔
مسٹر دگ وجئے سنگھ کے اس ٹویٹ پر عام لوگوں نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا اور ان کے ٹویٹ کو ان کے وقار اور سیاسی حیثیت کے خلاف قرار دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here