نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو ریجنل ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (آر آر ٹی ایس) کے لیے فنڈ فراہم نہ کرنے پر دہلی کی کیجریوال حکومت پر الزام لگایا کہ وہ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے نہیں بلکہ اشتہارات پر پیسہ خرچ کررہی ہے۔
بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بے ایمان لیڈر اروند کیجریوال نے پچھلے تین برسوں میں اشتہارات پر 1,106 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں، لیکن انہوں نے سپریم کورٹ کو بار بار بتایا کہ ان کے پاس پروجیکٹوں کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
بی جے پی کا یہ تبصرہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی قیادت والی حکومت کی جانب سے عدالت عظمیٰ کو مطلع کرنے کے بعد آیا ہے کہ وہ آر آر ٹی ایس کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ آر آر ٹی ایس پروجیکٹ میں دہلی حکومت کا حصہ 1138 کروڑ روپے تھا۔ سپریم کورٹ نے پیر کو دہلی میں مسٹر اروند کیجریوال کی قیادت والی اے اے پی حکومت سے کہا کہ وہ پچھلے تین مالی برسوں میں اشتہارات پر خرچ کی گئی رقم کا انکشاف کرے۔ جسٹس ایس کے کول کی سربراہی والی بنچ نے یہ ہدایت اس وقت جاری کی جب دہلی حکومت نے دلیل دی کہ وہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے ریجنل ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (آر آر ٹی ایس) پروجیکٹ میں تعاون کرنے سے قاصر ہے۔
مسٹر بھاٹیہ نے کہا، “سپریم کورٹ کے مشاہدے کے مطابق کیجریوال حکومت کے پاس اشتہارات کے لیے پیسہ ہے۔ تاہم ان کے پاس آر آر ٹی ایس پروجیکٹ کے لیے پیسہ نہیں ہے جو کہ عوام کے مفاد میں ہے۔ عدالت نے ان سے کہا ہے کہ وہ ایک حلف نامہ داخل کرے جس میں پچھلے تین برسوں میں اشتہارات پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیل دی جائے۔
مسٹر کیجریوال کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں قومی دارالحکومت میں مبینہ ایکسائز پالیسی گھپلہ انجام دیا۔

