لکھنؤ:اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں مرکز میں حکمراں جماعت بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی وداعی کا دعوی کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی)صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو کہا کہ سال 2024 میں پچھڑا۔دلت، اقلیت یعنی پی ڈی اے کا اتحاد این ڈی اے پر بھاری پڑے گا۔
یادو نے یہاں جاری بیان میں کہا’بی جے پی سال 2014 میں اقتدار میں جیسے آئی تھی سال 2024 میں اس کی ویسے ہی یوپی سے وداعی ہوگی۔ ہمارا نعرہ ہے 80ہراؤ۔بی جے پی ہٹاؤ۔ اس لئے سال 2024 میں پی ڈی اے(پچھڑا۔ دلت۔ اقلیت) اتحاد این ڈی اے۔ بی جےپی اتحاد پر بھاری پڑے گا۔ سال 2024 میں مہنگائی۔بے روزگاری، غریب کا احترام اور اسے انصاف اور سہولیات دلانا بڑا موضوع ہوگا۔غریب، کسان، نوجوان بی جے پی کے خلاف ووٹ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا فارمولہ یہ ہو سکتا ہے کہ ریاست میں جو پارٹی مضبوط ہو وہ دوسری پارٹی کو الیکشن لڑنے کے لیے آگے کرے۔ انتخاب اور اتحاد کے لئے بڑے دل کی ضرورت ہوتی ہے۔ جو پارٹیاں بی جے پی کو ہرانا چاہتی ہیں انہیں سماج وادی پارٹی کی حمایت میں بڑا دل دکھانا چاہئے۔ سماج وادی پارٹی کا ہدف ریاست کی تمام 80 سیٹوں پر بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت سے کیا امید کی جا سکتی ہے۔ ان کے 6 سالہ دور میں نہ کوئی ضلعی ہسپتال بنا اور نہ ہی کوئی ائیر پورٹ۔ ریاست میں سرمایہ کاری کی بہت زیادہ توقعات تھیں، لیکن حقیقت میں سرمایہ کار نہیں مل رہے ہیں۔ سماج وادی حکومت میں HCL سرمایہ کاری کی میٹنگ کے بغیر یوپی آئی، سام سنگ کا پلانٹ لگایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جس کی تیاری زمین پر ہوگی وہی لڑ سکے گا۔ بی جے پی بڑی کمپنیوں کو کرایہ پر لے کر پیسے سے الیکشن لڑتی ہے۔ سماج وادی پارٹی بی جے پی سے لڑنے کے لیے اپنے کارکنوں کو زمین پر تیار کر رہی ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے سماج وادی پارٹی کو بڑے پیمانے پر ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی عروج پر ہے۔ کسان کو فصل کی قیمت نہیں ملی۔ بی جے پی نے صحت، پولیس خدمات کو خراب کر دیا ہے۔ سماج وادی پارٹی بی جے پی کو ہرائے گی۔ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بازار نہیں بنایا۔ کسانوں کو ان کی فصل کی قیمت نہیں مل رہی۔ پسماندہ، دلتوں کو نوکریاں نہیں مل رہی ہیں۔ آؤٹ سورس اور کنٹراکٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر میں ریزرویشن دیا جائے۔ بی جے پی حکومت نجکاری کی طرف کیوں جا رہی ہے؟

