گونڈا:اتر پردیش حکومت کے کابینہ وزیر انل راج بھر نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ خوشحال ہندوستان ہضم نہ ہونے کی وجہ سے کانگریسی بیرون ملک گھوم کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اتر پردیش کے گونڈا ضلع کے وزیر انچارج کے طور پر آئے مسٹر راج بھر نے ایک نجی شادی ہال میں ارگا ریلیز اور نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں راہل گاندھی کے بیرون ملک دیئے گئے متنازعہ بیانات پر کہا کہ آپ راہل گاندھی سے اس زیادہ کیا امید کرسکتے ہیں ۔ ہندستان خوشحال ہو رہا ہے، ہندستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے، یہ کانگریسیوں کو ہضم نہیں ہو رہا، اسی لیے وہ پوری دنیا میں گھوم کر ہندستان کو بدنام کر رہے ہیں۔
رام چریت مانس کے تعلق سے آر جے ڈی کے ایم ایل اے رتی لال یادو کے متنازعہ بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 سے اتر پردیش میں شیطانی نظریات کے لوگوں کو عوام نے جواب دے دیا ہے اور ملک کی سیاست سے ایسے لوگوں کو بے دخل کرنے کا عوام نے عہد کیا ہے،بے دخل کر رہے ہیں۔ بے وجہ بیانات دینا، مضحکہ خیز بیانات دینا، اپنے فرسٹریشن کو سامنے رکھنے کی جو اس طرح کی ایک غلط ذہنیت اور بار بار ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی اپوزیشن کی طرف سےکوشش ہورہی ہے یہ کہیں سے نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی عوام اس قسم کے بیانات کی حمایت کرنے والے ہیں.
اروند کیجریوال کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے کہ ‘ای ڈی اور سی بی آئی کا نام بدل کر بی جے پی سینا رکھا جائے’، انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی ہے، اب وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں۔ ان کے دو وزیر، ایک نائب وزیر اعلیٰ، ایک وزیر جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں اور جس طرح سے تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں، ان میں یہ خوف لاحق ہے کہ کہیں ہماری بدعنوانی بے نقاب نہ ہو جائے، ہم کو بھی جیل نہ جانا پڑے۔ آپ کی قیادت میں آپ کی ٹیم نے جو بدعنوانی کی ہے، دہلی کو لوٹنے کا کام کیا ہے، تحقیقات جاری ہیں۔ اگر آپ اس کے دائرہ کار میں آ گئے تو آپ کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ یہ سب گھوم کر جو آپ ڈرامہ کررہے ہیں آپ ان چالوں سے بچنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ہماری ایجنسیاں آپ کے اس طرح کے بیانات سے دباؤ میں آئیں گی۔ ایجنسیاں خود مختار ہیں، آزادانہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ایس پی صدر اکھلیش یادو کا بیان کہ کرپٹ ٹیکس کی وجہ سے 65 ہزار لوگ ملک چھوڑ چکے ہیں، پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر انل راج بھر نے کہا، “ہم اکھلیش یادو کو صرف ایک ہی مشورہ دیں گے کہ وہ سوشل میڈیا کے دائرے سے باہر نکلیں اور ٹویٹر چلانا بند کریں۔ عوام کے درمیان جانے کا کام کریں، پھر جا کر دیکھیں کہ اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی یوگی جی کی حکومت جو کام کر رہی ہے، اسے کس طرح عوام قبول کررہے ہیں۔
اس کی بھی ایک مثال گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں دیکھنے کو ملی ہے، اب پتا نہیں کیا ہنگامہ آرائی ہے۔ میں بار بار کہتا ہوں کہ انہیں ایشو پر کبھی بات نہیں کرنی ہے۔ وہ صرف الٹی سیدھی بات کرنی ہے، بھائی آپ عوام میں جائیں، عوام سے سمجھیں، عوام کے درمیان جائیں گے تو ہی عوام کے جذبات کو سمجھ سکیں گے۔
راج بھر تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی آر کے مذہبی رہنماؤں کے بارے میں بیان پر وزیر انل راج بھر نے کہا کہ ان کے علم کی ضرورت نہیں ہے، دیکھیں کہ جمہوریت میں عوام کیا چاہتے ہیں، یہ ہمارے لیے اہم ہے اور ہم اسی کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
برج بھوشن شرن سنگھ کو پوکسو ایکٹ میں کلین چٹ ملنے اور اس کے بعد بھی پہلوانوں کے مسلسل گرفتاری کا مطالبہ پر سارا معاملہ عدالت پر چھوڑتے ہوئے وزیر نے سیدھے سیدھے کہا کہ وہ آزاد ہیں، وہ کوئی بھی ستیہ گرہ، کوئی بھی تحریک کر سکتے ہیں۔ یہ ان کا موضوع ہے لیکن اس پر کوئی خاص تبصرہ کرنا کہیں سے بھی جائز نہیں ہے۔

