لکھنؤ:دہلی کے وزیر اعلی و عام آدمی پارٹی(عاپ) کنوینر اروند کیجریوال نے بدھ کو یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کر کے ان سے دہلی حکومت کےحقوق کے سلسلے میں مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری ایک آرڈیننس کے خلاف حمایت طلب کی جسے قبول کرتے ہوئے ایس پی صدر نے ان کا ساتھ دینے کا تیقن دیا۔
کیجریوال آج دوپہر ایک چارٹرڈ طیارے میں لکھنؤ پہنچے اور ائیر پورٹ سے ان کا قافلہ ایس پی دفتر پہنچا جہاں پارٹی صدر اکھلیش یادو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 40 منٹ تک بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان بھی موجود تھے۔ بعد اذاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت دہلی میں آپ کی منتخب حکومت کے جمہوری حقوق تلف کررہی ہے۔ سال 2015 میں عاپ نے دہلی میں مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنائی تھی، لیکن مرکز کی نریندر مودی حکومت نے صرف تین ماہ بعد ہی ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے حکومت کے اختیارات چھیننے کی کوشش کی۔ اس نوٹیفکیشن کے خلاف ہم نے عدالت میں اپیل کی اور آٹھ سال کی طویل جنگ کے بعد آخر کار دہلی کے لوگوں کو انصاف ملا جب سپریم کورٹ کی بنچ نے گزشتہ 11 مئی کو اپنے حکم میں کہا کہ منتخب حکومت کے پاس تمام اختیارات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دہلی کی آٹھ سالہ جنگ کو صرف آٹھ دنوں میں ختم کر دیا جب 19 مئی کی رات مرکزی حکومت نے ایک آرڈیننس جاری کر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو پلٹ دیا۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت یہ آرڈیننس اس رات جاری کیا جب سپریم کورٹ کی چھٹیاں شروع ہونے والی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کھلنے کے بعد وہ حکومت کے من مانی فیصلے کے خلاف دوبارہ اپیل کریں گے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ بی جے پی حکومت اس آرڈیننس کو لوک سبھا میں تعداد کے لحاظ سے پاس کرا لے گی لیکن اگر اپوزیشن پارٹیاں راجیہ سبھا میں متحد ہو جاتی ہیں تو یقینی طور سے یہ آرڈیننس پاس نہیں ہوسکے گا کیونکہ بی جے پی کے پاس راجیہ سبھا میں 93 ممبران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی صدر نے انہیں حمایت کا یقین دلایا ہے۔ یہ لڑائی صرف دہلی کے لوگوں کی نہیں ہے بلکہ ان ریاستوں کی بھی ہے جہاں بی جے پی غیر جمہوری طریقے سے من مانی کر رہی ہے۔ اگر بی جے پی کا یہ آرڈیننس پارلیمنٹ میں پاس نہیں ہوتا ہے تو ملک میں بی جے پی کے برے طریقوں کے خلاف ایک اچھا پیغام جائے گا، جس کا نتیجہ یقیناً 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات پر پڑے گا۔
اس موقع پر ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت دہلی حکومت کے حقوق تلفکر رہی ہے جو کہ غیر جمہوری ہے۔ دراصل بی جے پی حکومت کو دہلی حکومت نے تعلیم اور صحت کے میدان میں جو اچھا کام کیا ہے وہ پسند نہیں ہے۔ بی جے پی ان لوگوں سے ڈرتی ہے جو اچھا سوچتے ہیں اور اچھا کام کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مرکزی حکومت نے آرڈیننس جاری کرکے دہلی کے لوگوں کی توہین کی ہے، لیکن ایس پی دہلی کے لوگوں کا ساتھ دے گی اور پارلیمنٹ میں آرڈیننس کی مخالفت کرے گی۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا کہ راج بھون بی جے پی کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے جب کہ گورنر بی جے پی کے اسٹار کمپینر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کی مثال پنجاب ہے جہاں گورنر نے پہلے بجٹ اجلاس کی اجازت نہیں دی اور جب عدالت نے سرزنش کی تو انہوں نے کہا کہ میں اپنے خطبے میں ‘عاپ ‘کی حکومت کو میری حکومت کہہ کر مخاطب نہیں کروں گا۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے دونوں لیڈروں نے کہا کہ وقت آنے پر غیر جمہوری حکومت کے خلاف لڑائی مل کر لڑی جائے گی۔

