اوڈیشہ ٹرین حادثہ: مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہوئی

0

بھونیشور: اوڈیشہ کے چیف سکریٹری پی کے جینا نے منگل کو کہا کہ ریاست کے بالاسور ضلع کے بہناگا بازار میں ٹرین سانحہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہو گئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مسٹر جینا نے پیر کو مکمل جانچ کے بعد بالاسور کے ضلع مجسٹریٹ کا حوالہ دیتے ہوئے 275 لوگوں کی موت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ تصدیق کا عمل جاری ہے۔ مسٹر جینا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ نے پیر کے روز 200 میٹر تک ٹریک کے دونوں اطراف کی گہرائی سے تصدیقی مہم چلائی۔
انہوں نے کہا کہ کلکٹر نے ٹریک پر برآمد ہونے والی لاشوں کے تمام ریکارڈ کو اچھی طرح چیک کیا اور پھر ضلع اسپتالوں سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر بہناگا کے کلیکشن سنٹر، ڈسٹرکٹ کلیکشن سنٹر اور عارضی مردہ خانوں سے اس کا موازنہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مکمل تصدیق کے بعد ضلع کلکٹر نے آج مرنے والوں کی تعداد 288 بتائی ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ بالاسور میں 94 لاشوں کی شناخت کر کے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھدرک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں داخل زخمیوں میں سے ایک دم توڑ گیا اور قانونی طریقہ کار کے بعد لاش کو متوفی کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
مسٹر جینا نے کہا کہ بھونیشور کے مردہ خانے میں 193 لاشیں رکھی گئی تھیں، جن میں سے اب تک 110 لاشوں کی شناخت کر کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 288 لاشوں میں سے 83 کی شناخت ہونا باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ان کے ڈی این اے نمونے لیے جارہے ہیں اور بعد میں ڈی این اے ٹیسٹ سے میچ ہونے کے بعد ان لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here