سپریم کورٹ نے ’دی کیرالہ اسٹوری‘ پر بنگال میں پابندی کے خلاف عرضی پر 12کو سماعت کرے گا

0

نئی دہلی: سپریم کورٹ متنازع فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ پر مغربی بنگال میں روک لگانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے خلاف فلم سازوں کی طرف سے دائر عرضی پر 12مئی کو سماعت کرے گا چیف جسٹس ڈی وائی چندچوڑ اور جسٹس نرسمہا کی بنچ نے بدھ کو عرضی گزاروں کی طرف سے سینئر وکیل ہریش سالوے کی اپیل قبول کرتے ہوئے عرضی پر سماعت کے لئے اپنی رضا مندی ظاہر کی۔
مسٹر سالوے نے ’خصوصی تذکرہ‘ کے دوران اس معاملے پر جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بنچ کے سامنے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کے ذریعے 8مئی کو فلم کی ریلیزپر پابندی لگائی گئی تھی۔
دوسری طرف تمل ناڈو میں پابندی کا خطرہ منڈرا رہا ہے۔
بنچ نے شروعات میں کہا کہ وہ 15مئی کو فلم سے متعلق دیگر عرضیوں کے ساتھ اس معاملے کی بھی سماعت کرے گی۔ اس کے بعد مسٹر سالوے نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کے بعد تمل ناڈو میں بھی پابندی کے خدشے کی وجہ سے روزانہ فلم سازوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس دلیل کے بعد بنچ نے جمعہ کو سماعت کرنے پر اپنی رضامندی ظاہر کی۔
قبل ازیں عدالت عظمی نے منگل کو اسی فلم پر پابندی لگانے پر کیرالہ ہائی کورٹ کے انکار کے خلاف دائر عرضی پر 15مئی کو سماعت کی اپیل کو قبول کیاتھا۔
چیف جسٹس چندر چوڑ کی سربراہی والی بنچ نے سینئر وکیل کپل سبل کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے عرضی پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔ مسٹر سبل نے ’خصوصی تذکرہ‘کے دوران معاملہ اٹھاتے ہوئے فوری سماعت کرنے کی درخواست کی تھی۔
عدالت عظمی کے سامنے پچھلے کچھ دنوں میں یہ معاملہ پانچویں بار آیا ہے۔ اس سے قبل فلم سے متعلق مختلف پہلوؤں پر سماعت کرنے سے عدالت عظمی نے انکار کردیا تھا۔
سنشائن پکچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ تیار کردہ اور سدیپتو سین کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم جمعہ 5 مئی 2023 کو ملک بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔
حالانکہ،مغربی بنگال حکومت نے قانون کے انتظام کا حوالہ دیتے ہوئے 8 مئی کو اس کی اسکریننگ پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے بعد فلم سازوں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
عدالت عظمی کے سامنے دائر کی گئی ایک دیگر عرضی میں کیرالہ ہائی کورٹ کے 5 مئی کے حکم کی صداقت پر سوال اٹھایا گیا ہے،جس میں کہا گیا تھا کہ فلم میں اسلام یا مسلمانوں کے خلاف کوئی قابل اعتراض بات نہیں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here