نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی سات خواتین پہلوانوں کی درخواست پر منگل کے روزدہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا اور کہا کہ یہ ” سنگین الزام” ہے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور پی ایس نرسمہا کی بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل کے دلائل پر غور کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ایک نابالغ سمیت سات خواتین پہلوانوں کے جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق ہے۔ بنچ نے مسٹر سبل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو کرے گی۔
عدالت عظمیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ رٹ پٹیشن میں پہلوانوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی نوعیت کے پیش نظر درخواست گزاروں کے ناموں میں ترمیم کی جائے گی۔
سپریم کورٹ نے اپنا حکم جاری کرنے سے پہلے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ عام طور پر ایسے معاملات میں متاثرہ شخص ضابطہ فوجداری کی دفعہ 156(3) کے تحت علاج کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس پر مسٹر سبل نے استدلال کیا کہ ایسی شکایات پر ایف آئی آر درج نہ کرنے کے لئے یہاں تک کہ پولیس اہلکاروں پر بھی مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ سنگھ پر جنسی ہراسانی اورمجرمانہ دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ اور دیگر نے دہلی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی مانگ کولے کرسپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
چیف جسٹس چندر چوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے پیر کو سینئر ایڈوکیٹ نریندرہڈا نے ‘خصوصی ذکر’ کے دوران یہ معاملہ اٹھایاتھا۔ وکیل نے درخواست گزاروں کی طرف سے ان کا موقف پیش کرتے ہوئے بنچ سے اس معاملے پر جلد سماعت کی استدعا کی تھی۔ بنچ نے درخواست کے درج نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے مسٹر ہڈا سے منگل کو دوبارہ معاملہ کا ذکر کرنے کو کہا اور آج مسٹر ہڈا کی حمایت میں مسٹر سبل نے یہ معاملہ اٹھایا۔درخواست کے مطابق، پھوگاٹ اور دیگر پہلوانوں نے دہلی پولیس کے ذریعہ ایف آئی آر درج کرنے میں “غیر معمولی تاخیر” کا حوالہ دیتے ہوئے بھوشن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے پولیس کو ہدایت کی درخواست کی تھی۔
برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے 23 جنوری کو وزارت کھیل نے مشہور باکسر ایم سی میری کوم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے اپریل کے پہلے ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کی تھی، لیکن اس کے نتائج کو ابھی منظر عام پر لانا باقی ہے۔
میری کوم کے علاوہ، کمیٹی کے دیگر ارکان میں اولمپک میڈلسٹ پہلوان یوگیشور دت، سابق بیڈمنٹن کھلاڑی اور مشن اولمپک سیل کی رکن ترپتی مرگنڈے، ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم کے سابق سی ای او راجیش راجگوپالن اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ٹیم) رادھیکا سریمن شامل تھے۔
اولمپیئن پہلوان بجرنگ پونیا، ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ اور دیگر سرکردہ ہندوستانی پہلوانوں نے اتوار سے دہلی کے جنتر منتر پرڈبلیو ایف آئی کے سربراہ کے خلاف ایک بار پھر احتجاج شروع کردیا۔ ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ ونیش صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
ونیش نے پہلے الزام لگایا تھا کہ وہ سنگھ کے ذریعہ ذہنی ہراسانی کا شکار ہوئی تھیں اور (دعوی کیا تھا) اس نے خودکشی کے بارے میں بھی سوچا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اتوار کوایک نابالغ سمیت سات خواتین پہلوانوں نے دوبارہ پولیس میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی ہے، لیکن پولس حکام نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا۔
تاہم، ایک سینئر پولیس افسر نے مبینہ طور پر کہا، “ہمیں سات شکایات موصول ہوئی ہیں اور فی الحال ان سب کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ہم ٹھوس شواہد ملنے کے بعد ایف آئی آر درج کریں گے۔ اپنی پوچھ گچھ کے دوران ہم نے پولیس سے ایک رپورٹ طلب کی ہے۔

