پنجاب: سلامی بلے بازوں فاف ڈو پلیسس (84) اور ویراٹ کوہلی (59) کی نصف سنچریوں کے بعد، محمد سراج (21/4) کی غیر معمولی گیند بازی نے رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) نے جمعرات کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں پنجاب کنگس کو 24 رنز سے شکست دی۔
آخری اوورز میں خراب بلے بازی کے باوجود آر سی بی نے پنجاب کے سامنے 175 رنز کا ہدف رکھا۔ جواب میں میزبان ٹیم 18.2 اوورز میں 150 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پنجاب کی جانب سے پربھسمرن سنگھ نے 30 گیندوں پر سب سے زیادہ 46 رن اور جیتیش شرما نے 27 گیندوں پر 41 رن بنائے۔ پنجاب کو تین اوور میں 30 رنز درکار تھے جس میں جیتیش بھی کریز پر موجود تھے، تاہم سراج نے 18ویں اوور میں صرف چار رن پر دو وکٹ لے کر میچ کا رخ موڑ دیا۔ ہرشل پٹیل نے 19ویں اوور میں جیتیش کا وکٹ لے کر پنجاب کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
پنجاب نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ابتدائی اوورز میں اسے پچ سے کوئی مدد نہیں ملی۔ کوہلی اور ڈو پلیسس نے پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز جوڑے۔ کپتان سیم کرن نے رنز کی رفتار کو روکنے کی کوشش میں گیند اسپنرز کے حوالے کی تاہم ڈو پلیسس نے 31 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
آر سی بی 10 اوورز میں 91 رن بنا کر 200 کے ہدف کی طرف گامزن تھی ، تاہم اس کے بعد سے ہی پنجاب نے میچ پر گرفت مضبوط کرنا شروع کر دی۔ RCB کو 12ویں سے 14ویں اوور کے درمیان صرف ایک باؤنڈری ملی۔ کوہلی نے 15ویں اوور میں نیتھن ایلس کو چھکا لگایا، تاہم، ہرپریت برار نے 17ویں اوور میں انہیں اور گلین میکسویل کو آؤٹ کرکے آر سی بی کو دو بڑے دھچکے لگائے۔
کوہلی نے ڈو پلیسس کے ساتھ 137 رنز کی شراکت داری کی، انہوں نے 47 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رن بنائے، حالانکہ دونوں نے اس کے لیے مجموعی طور پر 16 اوورز کھیلے۔ کچھ دیر بعد ڈو پلیسس بھی 56 گیندوں (پانچ چوکوں، پانچ چھکوں) پر 84 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
آر سی بی آخری اوور کا فائدہ نہیں اٹھا سکی اور آخری 12 گیندوں میں صرف 20 رنز جوڑ کر 174/4 اسکور کیا۔
حالانکہ راہل کو کوئی وکٹ نہیں ملی، لیکن انہوں نے چار اوور میں صرف 24 رنز دے کر آر سی بی کی اننگز کو رفتار پکڑنے سے روک دیا۔ ہرپریت نے تین اووروں میں 31 رن دے کر دو وکٹ لئے جبکہ ارشدیپ سنگھ نے چار اوور میں 34 رن دے کر کامیابی حاصل کی۔آر سی بی کے گیند بازوں نے پاور پلے میں وکٹیں لے کر پنجاب پر دباؤ ڈالا۔ سراج نے پہلے ہی اوور میں باؤنڈری مارنے کے بعد اتھروا تائیڈے کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ کوہلی نے میتھیو شارٹ کے لیے گیند لیگ اسپنر وینندو ہسرنگا کے حوالے کی، جس نے انھیں پہلی گیند پر بولڈ کیا۔
سراج نے اپنے اگلے اوور میں لیام لیونگسٹن کو آؤٹ کرنے کے بعد ہرپریت سنگھ بھاٹیہ کو شاندار تھرو سے آؤٹ کیا۔ دریں اثنا، پربھسمرن نے نویں اوور میں ہسرنگا کی گیند پر دو چھکے لگا کر واپسی کی، حالانکہ پنجاب کی آدھی ٹیم 10ویں اوور میں سیم کرن کے رن آؤٹ کے ساتھ پویلین پہنچ گئی۔
وکٹیں گرنے کے درمیان برار نے کچھ دیر تک پربھسمرن کا ساتھ دیا، حالانکہ پربھسمرن خود 12ویں اوور میں وین پارنیل کی ریورس سوئنگ کا شکار ہو گئے۔ پچھلے میچ میں دھماکہ خیز ثابت ہونے والے شاہ رخ کی واپسی سے آر سی بی کو کچھ حد تک راحت ملی، حالانکہ وکٹ کیپر بلے باز جیتیش نے پنجاب کو میچ میں زندہ رکھا۔
جیتیش نے 15ویں اوور میں ہسرنگا کو چھکا لگا کر 11 رن جوڑے جبکہ اگلے ہی اوور میں انہوں نے وجے کمار وشاک کو چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ آر سی بی کو اس وقت وکٹ کی اشد ضرورت تھی۔ ہرشل پٹیل نے 17ویں اوور میں بہت سخت گیند بازی کی جس کا نتیجہ اگلے ہی اوور میں سراج کو مل گیا۔ انہوں نے 18ویں اوور میں برار اور نیتھن ایلس کو بولڈ کر کے اپنے چار اوورز میں چار وکٹیں حاصل کر لیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی آر سی بی پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ پنجاب ساتویں نمبر پر ہے۔ آر سی بی کا اگلا میچ اتوار کے روز راجستھان رائلس کے خلاف ہوگا۔

