چھندواڑہ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج مدھیہ پردیش کے سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ کے آبائی حلقہ مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ میں سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ نے ریاست میں کانگریس حکومت کے دوران کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا اورملک کی سلامتی اور غریبوں کی فلاح و بہبود جیسے کام صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہی کر سکتی ہے۔
مسٹرشاہ یہاں ‘مہاوجے ادگھوش عوامی اجلاس’ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر وشنودت شرما، مرکزی وزیر فگن سنگھ کلستے، وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا اور پارٹی کے کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔
اپنے تقریباً 20 منٹ کے خطاب میں مسٹر شاہ نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ اپنے وزیراعلیٰ عہدے کی مدت کار کےدوران کئے کاموں کا حساب تودیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ نے بدعنوانی کرکے ریاست کی جائیداد کو لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے بے روزگاری بھتہ بڑھانے اوربڑھاپے کی پنشن میں اضافہ جیسے کانگریس کے وعدوں کا بھی حوالہ دیا اور جلسہ میں موجود لوگوں سے پوچھا کہ کیا یہ تمام وعدے پورے ہوئے ہیں؟ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے چھندواڑہ میں مسلسل ترقیاتی کام کئے۔
مسٹر شاہ نے قبائلی اکثریتی چھندواڑہ میں اپنے خطاب میں کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جس کی حکومت نے قبائلی برادری کے آزادی پسندوں کی عزت کا خیال رکھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے برسا منڈا جینتی کو قبائلی فخر کے دن کے طور پر منانا شروع کیا۔ مدھیہ پردیش میں پی ای ایس اے ایکٹ لانے کا کام وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کیا۔کانگریس پر حملہ بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کی بات کی، لیکن اس نے اس سماج کے لیے کبھی کوئی کام نہیں کیا۔ سال 2014 میں نریندر مودی حکومت کے قیام کے بعد او بی سی کمیشن کو آئینی درجہ دیا گیا۔
قومی مسائل کے تناظر میں مسٹر شاہ نے کہا کہ کانگریس آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے عمل میں طویل عرصے سے تاخیر کر رہی تھی، مودی حکومت نے ایک آرڈیننس لا کر اسے مکمل کیا۔ کانگریس کے دور میں پاکستان سے کوئی بھی ہندوستان میں داخل ہوتا تھا۔ ہمارے جوانوں کا سر قلم ہونے پر بھی کانگریس اف تک نہیں کرتی تھی، جبکہ وزیر اعظم مسٹرمودی نے پلوامہ حملے کے بعد سرجیکل اور ہوائی حملوں سے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔ موجودہ حکومت بائیں بازو کی انتہا پسندی کا تقریباً خاتمہ کر چکی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی حکومت ہی قومی سلامتی اور غریبوں کی بہبود جیسے کاموں کو مکمل کر سکتی ہے۔
طویل عرصے سے کانگریس کے قبضے والے چھندواڑہ میں مسٹر شاہ نے بی جے پی کارکنوں کو وجے سنکلپ بھی دلایا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں چھندواڑہ کی تمام سات اسمبلی سیٹوں اور اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں یہاں کی لوک سبھا سیٹ کو بھی بی جے پی کے قبضے میں لانے کا عہد کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اکثریت کے ساتھ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنانے اور سال 2024 میں مسٹر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کا بھی کارکنوں کر عزم دلایا۔

