عام آدمی پارٹی کی شیلی اوبرائے دہلی کے میئر منتخب

0

نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (عآپ) کی طرف سے امیدوار شیلی اوبرائے کو بدھ کےروز دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کے لیے منتخب قرار دے دیا گیا۔
سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد آج مکمل ہونے والی پولنگ میں محترمہ اوبرائے کو 150 ووٹ ملے، جب کہ ان کی حریف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار ریکھا گپتا کو پولنگ میں 116 ووٹ ملے۔
گزشتہ 10 برسوں میں پہلی بار دہلی کے میئر کے عہدے کے لیے خاتون میئر منتخب ہوئی ہیں۔ محترمہ اوبرائے دہلی کے پٹیل نگر اسمبلی حلقہ کے وارڈ نمبر 86 سے کونسلر ہیں۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کی آخری خاتون میئر 2011 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رجنی ایبی تھیں، جس کے بعد میونسپل کارپوریشن کو تین حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ 2022 میں دہلی میونسپل کارپوریشن کے انضمام کے بعد کارپوریشن کا یہ پہلا الیکشن تھا۔ اس سے قبل، میئر کا انتخاب تین بار ملتوی کیا گیا کیونکہ اس سلسلے میں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے اراکین کے درمیان اس وقت ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جب بی جے پی نے نامز د اراکین سے ووٹ دلانے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد عام آدمی پارٹی نے عدالت عظمی سے رجوع کیا تھا۔
جیت کے بعد، نو منتخب میئر شیلی اوبرائے نے کہا، “ہم وزیر اعلی کیجریوال کی طرف سے لوگوں کو دی گئی ’10 ضمانتوں’ پر کام کریں گے۔”
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے محترمہ شیلی اوبرائے کی جیت کے بعد کہا، “غنڈہ گردی ہار گئی ہے، دہلی کے عوام کی جیت ہوئی ہے۔”
4 دسمبر کو دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کو 15 سال بعد شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس الیکشن میں عآپ نے 134 سیٹیں جیتی ہیں اور بی جے پی 104 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ کانگریس کو نو سیٹیں ملیں اور تین سیٹیں دوسری پارٹیوں کے پاس گئی تھیں۔
17 فروری کو سپریم کورٹ نے میئر کے انتخاب کے معاملے کی سماعت کے بعد میئر کے انتخاب کا نوٹس 24 گھنٹے کے اندر جاری کرنے کو کہا تھا اور فیصلہ سنایا تھا کہ نامزد اراکین کو ووٹ دینے کا حق نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ میئر کے انتخاب کے بعد ہی ‘ڈپٹی میئر’ کا انتخاب کرایا جا سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here