نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور روڈ ٹرانسپورٹ کےوزیر نتن گڈکری سمیت حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تمام بڑے لیڈروں نے سنہ 2021-22 مرکزی بجٹ کی تعریف کرتے ہوئے اسے ہر محاذ پر شاندار قراردیا ہے۔
مسٹر مودی نے بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی حالات میں پیش کیا گیا بجٹ ہے جس میں حقیقت کا احساس اور ترقی پر اعتماد بھی ہے ۔ ہم نے ترقی کے لئے نئے مواقع کو وسیع کرنے ، نوجوانوں کے لئے نئے امکانات کے دروازے کھولنے ، انسانی وسائل کو نئی بلندیاں دینے ، نئے شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، ٹیکنالوجی کو اپنانے اور نئی اصلاحات لانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زرعی شعبے پر زور دیا گیا ہے اور یہ خوداعتمادی کو بڑھانے والا ہے ۔ یہ بجٹ لوگوں، سرمایہ کاروں ، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں کئی مثبت تبدیلیاں لائے گا ۔ اس سے لوگوں کی ترقی ہوگی اور تمام شعبوں کی ترقی ہوگی۔ انہوں نے بجٹ کو لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا، ایسی صورتحال میں یہ بجٹ پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے عام شہریوں پر بوجھ بڑھے گا لیکن ایسا نہیں ہوا ۔

