نئی دہلی : وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کو انشورنس سیکٹر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی مقررہ حد 49 سے بڑھا کر 74 فیصد کردی اور ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ غیر ملکی ملکیت اور کنٹرول کی اجازت دینے کے لئے انشورنس ایکٹ 1938 میں ترمیم کرنے کا اعلان کیا۔
پارلیمنٹ میں سال 2021-22 کے لئے بجٹ پیش کرتے ہوئے مسزسیتارمن نے کہا کہ مجوزہ نئے ڈھانچے کے تحت بورڈ میں انتظامیہ سے وابستہ زیادہ تر ڈائرکٹر اور سربراہ ہندوستانی ہوں گے ، جبکہ کم از کم 50 فیصد ڈائریکٹر حقیقت میں آزاد ڈائریکٹرز ہوں اور منافع کا ایک خاص حصہ عام ریزرو رقم کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ موجودہ پھنسے ہوئے قرضوں کو جمع کرنے اور حاصل کرنے کے لئے ایک ’ایسٹ ری کنسٹرکشن کمپنی‘(اثاثہ تعمیر نو کمپنی لمیٹڈ) اور اثاثہ انتظامیہ کمپنی قائم کی جائے گی اور اس کے بعد متعلقہ قرضوں کا صحیح طریقے سے انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں متبادل سرمایہ کاری فنڈز اور دیگر ممکنہ سرمایہ کاروں کو فروخت کیا جاسکے گا۔ یہ آخر کار ان پھنسے ہوئے قرضوں کی صحیح قدر کی طرف لے جائے گا۔ اس اقدام سے سرکاری شعبے کے بینکوں کو اپنے پھنسے ہوئے قرضوں کا موثر انداز میں انتظام کرنے میں مدد ملے گی۔

