نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کووڈ 19 کے خلاف ہفتے کو ملک گیر سطح پر کورونا ٹیکہ کاری مہم کا افتتاح کیا۔
مسٹر مودی نے آج دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کی شروعات کرتے ہوئے کہا ،’’آج کے دن کا پورے ملک کو بے صبری سے انتظار رہا ہے۔کتنے مہینے سے ملک کے ہر گھر میں بچے،بوڑھوں اور جوانوں کی زبان پر یہی سوال تھا کہ کورونا کی ویکسین کب آئے گی۔اب کورونا کی ویکسین بہت ہی کم وقت میں آگئی ہے۔آج سے ہندوستان میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم شروع ہورہی ہے۔ اس کےلئے ملک کے سبھی عوام کو بہت بہت مبارکباد۔‘‘
انہوں نے کہا،’’آج وہ سائنس داں اور ویکسین کی تحقیق سے وابستہ لوگ،خصوصی طورپر ستائش کے حق دار ہیں،جو گزشتہ کئی مہینوں سے دن رات ویکسین بنانے میں مصروف تھے۔انہوں نے نہ دن دیکھا،نہ رات دیکھی اور نہ تہوار دیکھا۔ عام طورپر ویکسین بنانے میں مہینوں لگ جاتے ہیں لیکن اتنے کم وقت میں ہندوستان میں ایک نہیں بلکہ دو دو میڈ ان انڈیا ویکسین تیار ہوئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ کئی اور ویکسین پر بھی کام تیزی سے چل رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا،’’ ہندوستان کی طاقت اور ہندوستان کی سائنسی مہارت اور صلاحیت ایک زندہ ثبوت ہے ، اتنے کم وقت میں کورونا ویکسین بنانا ۔ قومی شاعر رام دھاری سنگھ دنکر نے کہا تھا کہ “مانو جب زور لگاتا ہے ، پتھر پانی بن جاتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا ، ’’ہندوستان کی ٹیکہ کاری مہم بہت ہی انسانی اور اہم اصولوں پر مبنی ہے۔ جس کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اسے پہلے اس کا ٹیکہ لگے گا۔ جنہیں ،کورونا انفیکشن کا سب سے زیادہ خطرہ ہے،انہیں سب سے پہلے کورونا کا ٹیکہ لگاے گا۔ ڈاکٹر ہیں، نرس ہیں ، اسپتال یں صفائی کرنے والے ، طبی اور پیرامیڈیکل اہلکار ہیں ، وہ سب سے پہلے کورونا ویکسین کے حقدار ہیں ، چاہے وہ سرکاری ہوں یا نجی۔ ہر ایک کو یہ ویکسن ترجیحی بنیاد پر لگے گی۔‘‘
مسٹر مودی نے کہا،’’اس کے بعد ان لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا،جن پر ضروری خدمات یا ملک کی حفاظت یا امن و قانون کی ذمہ داری ہے،جیسے طلبہ اہلکار،پولیس اہلکار اور فائربریگیڈ عملہ یا صفائی اہلکار ،ان سبھی کو ویکسین ترجیح کی بنیاد پر لگے گی۔ان سب کی تعداد قریب قریب تین کروڑ ہوتی ہے اور اس کی ٹیکہ کاری کا خرچ ہندوستانی حکومت برداشت کرےگی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس ٹیکہ کاری مہم کی پختہ تیاریوں کےلئے ریاستی حکومت کے تعاون سے ملک کے کونے کونے میں ٹرائل کئے گئے ہیں،ڈرائی رن ہوئے ہیں اور خصوصی طورپر بنائے گئے کوون ایپ میں ٹیکہ کاری لےلئے رجسٹریشن سے لے کرٹریکنگ تک کا انتظام ہے۔‘‘مسٹر مودی نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں بہت ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا ، ’’ویکسین کی ایک خوراک لیں اور دوسرا لینا بھول جائیں ، ایسی غلطی نہ کریں۔ جیسا کہ ماہرین کہہ رہے ہیں ، تقریباً ایک ماہ کا وقفہ بھی پہلی اور دوسری خوراکوں کے درمیان رکھا جائے گا۔ نیز یہ یاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ دوسری خوراک کے صرف دو ہفتوں کے بعد ، کورونا کے خلاف ضروری قوت پیدا ہوپائے گی۔ اس وجہ سے ، آپ ویکسین لگتے ہی لاپرواہی برتیں ، دو گز کی دوری بھول جائیں اور ماسک نہ پہنیں ، ایسی غلطی نہ کریں۔‘‘
انہوں نے لوگوں سے گزارش کی کہ جس طرح پورے ملک نے صبر کے ساتھ کورونا کا مقابلہ کیا ، ٹیکہ کاری کے وقت بھی اسی صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تاریخ میں کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری مہم نہیں چلائی گئی۔ یہ مہم کتنی بڑی ہے اس کا اندازہ پہلے مرحلے سے ہی لگایا جاسکتا ہے۔ دنیا میں 100 سے زیادہ ممالک ایسے ہیں ، جن کی آبادی 30 کروڑ سے بھی کم ہے ، اور ہندوستان پہلے ہی مرحلے میں تین کروڑ افراد تک ٹیکہ کاری لے جا رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں 30 کروڑ افراد تک اسے لے جایا جانا ہے۔ دنیا میں صرف تین ممالک ہیں ، جن کی آبادی 30 کروڑ سے زیادہ ہے ، خود ہندوستان ، چین اور امریکہ۔
مسٹر مودی نے کہا کہ یہ مہم ہندوستان کی طاقت کا ظاہر کرتی ہے۔ ہندوستان کے سائنس داں اور ماہرین دونوں جب میڈ ان انڈیا ویکسین کی حفاظت اور تاثیر کے بارے میں قائل ہوئے تبھی اس کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی گئی۔ لوگوں کو پروپیگنڈا کرنے سے دور رہنا چاہئے۔ ہندوستان کے عمل کی ساکھ پوری دنیا میں طویل عرصے سے موجود ہے۔ یہ اعتماد ہندوستان کو اپنے ٹریک ریکارڈ سے حاصل ہوا ہے۔ دنیا بھر میں تقریباً 60 فیصد بچوں کو زندگی بچانے والی ٹیکے ہندوستان میں بنتے ہیں۔ وہ ہندوستان کے سخت سائنسی عمل سے گزرتے ہیں۔ ہندوستان کے سائنسدانوں اور ویکسین سے متعلق ہماری مہارت سے دنیا کے اس اعتماد کو تقویت ملنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی ویکسین بیرون ملک میں بننے والی ویکسینوں سے کہیں زیادہ سستی ہے اور ان کا استعمال بھی بہت آسان ہے۔ بیرونی ممالک میں ویکسین کی کچھ مقداریں پانچ ہزار روپے تک ہیں اور اسے منفی سات ڈگری درجہ حرارت میں رکھنا پڑتا ہے۔ ہندوستان سے تیار شدہ ویکسین ہندوستان کی صورت حال اور حالات کے مطابق ہیں اور اس سے ہندوستان کو کورونا کے خلاف جنگ میں فیصلہ کن فتح ملے گی۔مسٹر مودی نے کہا،’’انسانی تاریخ میں متعدد آفات آئیں،وبائیں آئیں،شدید جنگیں ہوئیں لیکن کورونا جیسے چیلنج کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ اس کا تجربہ نہ سائنس کو تھا نہ سماج کو۔تمام ملکوں سے جو تصویریں آرہی تھیں۔جو خبریں آرہی تھیں، وہ دنیا کے ساتھ ساتھ ہر ہندوستانی کو پریشان کررہی تھیں۔ ایسے حالات میں ماہرین ہندوستان کے سلسلے میں خدشات کا اظہار کررہے تھے لیکن ہندوستان کی جس بہت بڑی آبادی کو ہماری کمزوری بتایا جا رہا تھا،اسے ہی ہم نے اپنی طاقت بنا لیا۔ ہندوستان نے حساسیت اور کوآپریشن کو لڑائی کی بنیاد بنایا۔ ہندوستان نے 24 گھنٹے محتاط رہتے ہوئے صحیح وقت پر صحیح فیصلے کئے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 30 جنوری کو کورونا کا پہلا معاملہ ملا لیکن اس سے دو ہفتے سے بھی پہلے ہندوستان ایک اعلی سطحی کمیٹی بنا چکا تھا۔ ہندوستان نے 17 جنوری 2020 کو اپنی پہلی ایڈوائزری جاری کردی تھی۔ ہندوستان دنیا کے ان پہلے ملکوں میں تھا جس نے اپنے ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ شروع کردی تھی۔ ہندوستان نے کورونا کے خلاف لڑائی میں جو قوت ارادی کا مظاہرہ کیا،جو ہمت دکھائی ہے،جو اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے،وہ آنے والی نسلوں کے لئے باعث تحریک بنے گی۔

