نئی دہلی: زرعی اصلاحات قوانین کے خلاف اور فصلوں کی کم از کم سہاراقیمت کو قانونی درجہ دینے کے مطالبہ کے تعلق سے بارش میں بھی کسانوں کی تحریک اتوار کو 39 ویں دن جاری رہی۔ قومی دارالحکومت کی سرحد پر کسان تنظیموں کے لوگ بارش میں بھی دھرنا ومظاہرہ کرتے رہے اور مطالبات پوراہونے تک تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے رہے۔ کسان تنظیموں اورحکومت کے درمیان کل اگلے دور کی بات چیت مقرر ہے۔ اس درمیان کسان تنظیموں نے اپنا رخ سخت کردیا ہے اور کہا ہے کہ بات چیت ناکام ہونے پر 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے دن دارالحکومت میں ٹریکٹر ٹرالی پریڈ نکالی جائے گی۔
اس سے قبل راج بھون کا گھیراو کرنے اور تحریک کے کئی دیگر پروگراموں کا بھی اعلان کیا ہے۔ حکومت اور کسان تنظیموں کے درمیان بجلی کی شرح نہ بڑھانے اور پرالی جلانے والے کسانوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ کسان تنظیم تینوں زرعی اصلاحات قوانین کو واپس لینے اور فصلوں کی کم ازکم سہاراقیمت کو قانونی درجہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کسانوں کی حمایت میں وکیلوں، سابق دفاعی عملے، مزدورتنظیموں اور فن کاروں نے اپنی حمایت دی ہے۔ کچھ لوگوں نے غیر ممالک سے آکر یکجہتی کا اظہارکیا ہے۔ کسان تنظیمیں کھانے پینے کے سامان کے ساتھ سرحد پرڈٹے ہیں اور طویل وقت تک تحریک جاری رکھنے کی بات کررہے ہیں۔

